شاہ رخ: ایم ٹی وی نوجوانوں کی پہچان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
’پدم شری بالی وڈ کنگ خان‘ یعنی شاہ رخ خان نے ایک بار پھر بازی مار لی۔ انہیں لاکھوں نوجوانوں نے ایس ایم ایس اور آن لائن کے ذریعے ووٹ دے کر اپنا نمائندہ منتخب کر لیا۔ سیمسنگ کمپنی اور ایم ٹی وی نے ہر سال کی طرح اس سال بھی یوتھ آئیکون یا یا نوجوانوں کے مثالی رول ماڈل کا مقابلہ منعقد کیا۔ اس سال اس میں سیاست سے سونیا گاندھی، تجارت سے عظیم پریم جی، موسیقی کے شعبہ سے سونو نگم، سپورٹس سے عرفان پٹھان‘ فیشن کی دنیا سے منیش ملہوترہ اور بولی وڈ سے شاہ رخ خان اور ابھرتا ستارہ کے طور پر ثانیہ مرزا کے ناموں کا اعلان ہوا تھا۔ شاہ رخ خان اور ثانیہ کے درمیان مقابلہ سخت رہا۔ ایم ٹی وی کے مینجنگ ڈائرکٹر الیکس کروویلا کے مطابق ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں نے ووٹ دیا۔ الیکس کروویلا نے شاہ رخ کو ہندوستان ہی نہیں دنیا بھر میں آج کے نوجوانوں کا رول ماڈل قرار دیا۔ شاہ رخ خان بالی وڈ کے نوجوان اداکاروں میں کافی مقبول ہیں اور اس ایوارڈ کے ملنے پر انہیں اپنی ذمہ داریوں کے بڑھ جانے کا احساس ہوا۔ شاہ رخ نے اپنے جذبات کا اظہار ان الفاظ میں کیا ’اس ایوارڈ کے ساتھ ہی مجھ پر ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں اور میں انشاءاللہ نئی نسل کی ترجیحات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ میں نے اب تک جو بھی کام کیا ہے پوری لگن اور محنت کے ساتھ کیا ہے اور چاہتا ہوں کہ نئی پود اسی پر عمل کرے ۔اگر آپ زندگی میں کچھ بننا چاہتے ہیں تو مثبت انداز میں سوچیے ،خوش رہیے اور دوسروں کو خوش کرنے کی کوشش کیجیے ۔ فلموں میں ہیلتھ منسٹری کے جانب سے سگریٹ نوشی کے مناظر فلمانے پر پابندی کے بارے میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’اگر ہیلتھ منسٹری کا فیصلہ ہے تو یہ ٹھیک ہو گا اور ہمیں اس پر عمل کرنا چاہئے لیکن اگر میری ذاتی رائے پوچھی جائے تو میں کہتا ہوں کہ اگر فلم کی کہانی کا مطالبہ ہے تو اسے دکھانے پر پابندی نہیں ہونی چاہیئے۔‘ خان کو بہت خوشی ہے کہ نوجوان انہیں اپنا رول ماڈل مانتے ہیں اور انہوں نے اس پر کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اب اور بھی بہتر فلمیں کریں تا کہ ان کی تفریح ہو سکے۔ شاہ رخ نے اپنی فلم ’سودیس‘ کا اس موقع پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم نے نوجوانوں پر اچھا اثر مرتب کیا ہے۔ شاہ رخ نے بار بار ثانیہ مرزا کے ساتھ عرفان پٹھان کی تعریف کی اور کہا کہ ثانیہ نے تو ملک میں ہی نہیں پوری دنیا میں ہمارے ملک کا نام پیدا کیا اور یہ سب بے انتہا لگن کڑی محنت اور کوشش کا نتیجہ ہے اس لئے وہ ثانیہ کو سلام کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی نصیحت بھی کی کہ وہ کمرشل نہ بنیں اور صرف سپورٹس پر دھیان دیں ۔ شاہ رخ کے اپنے رول ماڈل مدر ٹریسا، عمران خان ، اور مایئکل جیکسن ہیں۔ شاہ رخ خان نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ سگریٹ ، شراب اور منشیات سے خود کر دور رکھیں اور سخت محنت لگن کے ساتھ منزل کی طرف بڑھیں ۔مثبت اندازِ فکر کو اپنائیں اور وطن سے محبت کریں ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||