| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امیتابھ بچن اور شاہ رخ نمبر ون
بھارتی فلمی صنعت کے حلقوں کی رائے کے ایک جائزے میں امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان دونوں ہی اس وقت بالی ووڈ کی کی انتہائی بااثر شخصیات قرار پائے ہیں۔ یہ جائزہ ایک جریدے نے کاروباری تجزیے کرنے والے ایک ادارے کے ذریعے کروایا ہے۔ اداکاروں، فلمسازوں اور ہدایت کاروں کے علاوہ اس فہرست میں موسیقار اور تکنیکی شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھی شامل تھے۔ اکسٹھ سالہ امیتابھ بچن انیس سو ستر سے آج تک بھارت کے فلمی منظر پر چھائے ہوئے ہیں جب کہ شاہ رخ خان نئی نسل کے نمائندے تصور کیے جاتے ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم ’دیوداس‘ بھارتی فلمی صنعت کی تاریخ میں سب سے زیادہ اخراجات سے تیار ہونے والی فلم تھی جو نمائش کے لیے دو ہزار دو میں پیش کی گئی۔ اثر رسوخ کے حوالے سے لیے جانے والے اس جائزے میں اداکار، فلمساز اور ہدایت کار عامر خان اس رائے شماری میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر فلمساز اور ہدایت کار یش چوپڑا، ، ہدایت کار سنجے لیلا بنسالی چوتھے نمبر پر کرن جوہر اور ان کے والد یش جوہر پانچویں نمبر پر اور چھٹے نمبر پر موسیقار اے آر رحمٰن ہیں۔
سابق حسینۂ عالم اور مقبول اداکارہ ایشویریہ رائے اس فہرست میں اے آر رحمٰن کے بعد ساتویں نمبر پر رہی ہیں جب کہ فلمساز و نمائش کار من موہن سیٹھی آٹھویں نمبر پر، اداکار ہریتکھ روشن نویں اور اجے دیوگن دسویں نمبر پر ہیں۔ اس جائزے میں یہ پیش گوئی کی گئی ہے کہ سن دو ہزار چار میں بالی ووڈ منافع میں رہے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||