لندن میں بالی ووڈ کے ستاروں کی دھوم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شاہ رخ خان، پریتی زنٹہ، رانی مکھرجی، سیف علی خان، ارجن رامپال اور پرینکا چوپڑہ جب ایک ساتھ اسٹیج پر دکھائی دیں تو کیسے لگے گا؟ تالیاں، سیٹیاں، خوشی اور نعرے بازی ۔۔۔۔ یہ اور بہت کچھ اس ہفتے بمبئی سے سات سمندر دور لندن میں پیش آیا۔ ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں جب ایک کے بعد ایک یہ فلمی ستارے اسٹیج پر اترنے لگے تو لوگ جیسے پاگل ہوگئے۔ خاص طور پر جب شاہ رخ خان سٹیج پر کافی انتظار کے بعد سب سے آخر میں لائے گئے تو ناظرین جھومنے لگے۔ عمر کی کوئی قید نہیں رہی۔ 16 سال کی نوجوان لڑکی سے لیکر کے 50 سال کی خاتون تک سبھی اسی انداز سے محضوظ ہورہے تھے جیسے کہ شاہ رخ انہی کے لیے لندن آئے ہوں۔ یہ تمام ستارے ایک انوکھے انداز میں لوگوں کے سامنے لائے گئے۔ شاہ رخ کو پیار کا نام دیا گیا تھا تو رانی مکھرجی کو سیکسی، سیف کو حسد، ارجن رامپال کو طاقت اور پرینکا کو لالچ جیسے القاب سے نوازا گیا۔ اور وہ اسی انداز میں اسٹیج پر بھی آئے۔ دراصل ان سب کا علٰحیدہ علٰحیدہ تعارف اس طرح سے اس لئے کیا گیا تھا کہ ان کو ایک چھوٹے سے فلم کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنا تھا۔ فرق یہ تھا کہ یہ فلم تین گھنٹوں کی نہ ہو کرکے صرف تیس منٹ کی تھی۔ اس انوکھی فلم کی کہانی تو انوکھی نہ تھی مگر فلمائے گئے کرداروں کی جگہ خود ستارے اداکاری کررہے تھے۔ اس فلم کا نام ”کل ہو نہ ہو پرسوں ہو جائیگا” تھا - ہلکی پھلکی کہانی یہ تھی کہ شاہ رخ اور سیف دونوں پیسے کے لالچ میں ایک امیر آدمی کا نام رکھ کر الگ الگ امیر لڑکی کو پھانس رہے تھے۔ ادھر پریتی اور رانی بھی کچھ اسی طرح کا کھیل رچارہی تھیں۔ اسی دوران جو سچ مچ کا امیر لڑکا ہوتا ہے وہ کسی تیسری لڑکی ( جسکا کردار پرینکا چوپڑہ نے کیا) سے عشق کرنے لگتا ہے۔ مگر جب راز کھل جاتا ہے تو نقلی امیر معافی مانگ لیتے ہیں اور پھر سب جوڑے خوشی خوشی رہنے لگتے ہیں۔ ہنسی سے بھر پور اس فلم کا ہندی فلموں کی طرح سے اچھا اختتام ہوا۔ بالی ووڈ کی فلمیں اور اسکے ستارے لندن میں بہت ہی مشور ہیں۔ اور نہ صرف ہندوستانی، پاکستانی وغیرہ بلکہ دور دور کے ممالک جیسے تنزانیہ سے آئے ہوئے لوگ بھی بڑے شوق سے ہندی فلمیں دیکھتے ہیں۔ اسکا اندازہ اس وقت ہوا جب شاہ رخ نے مجمع میں سے ایک لڑکی کو بلایا جو تنزانیہ کی تھی۔ اس نے بتایا کہ اس نے شاہ رخ کی ہر فلم دیکھی تھی اور وہ اسے بہت پسند ہیں ۔ شاہ رخ نے نہ صرف اس لڑکی کے ساتھ رقص کیا بلکے اسے تین تحفے، چھتری، ٹی شرٹ اور ٹیڈی بیر بھی دیئے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||