 |  ضبط کی جانے والی کتابوں کی کُل قیمت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے |
بھارت کے شہر دلی میں پولیس نے ایک چھاپے میں ہیری پوٹر سلسلے کی نئی کتاب کی آٹھ ہزار غیر قانونی کاپیاں ضبط کر لی ہیں۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں کئی گرفتاریں کی ہیں اور چھاپے میں کتابوں کی اشاعت میں استعمال ہونے والی کئی مشینیں بھی برآمد کی ہیں۔ ضبط کی جانے والی کتابوں کی کُل قیمت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کی اس نئی کتاب ’ہیری پوٹر اینڈ دی ہاف بلڈ پرنس‘ کی عالمی ریلیز سولہ جولائی کو ہوئی تھی۔ اس کے صرف دو ہی دن بعد بھارت میں اس کی’پائیریٹڈ‘ یعنی غیر قانونی کاپیاں بازار میں آگئیں۔ اصل کتاب کی قیمت بیس ڈالر کےقریب ہے جبکہ ان غیر قانونی کاپیوں کی قیمت چھ اور دس ڈالر کے درمیان ہوتی ہے۔ دلی میں ’ بُک ورم‘ نامی کتابوں کی دکان کے مالک پرنیل اروڑا نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کی یہ کارروائی کتابوں کے صنعت کے لیے مفید ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ان لوگوں کو دھچکا لگے گا جو کتابوں کی غیر قانونی اشاعت اور فروخت میں ملوث ہیں۔ |