کام سے ’بریک‘ چاہیئے: برٹنی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے کہا ہے کہ وہ کچھ عرصہ کے لیے کام چھوڑ کر آرام کرنا چاہتی ہیں تاکہ اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ شہرت کی دیوانی دوسری لڑکیوں کو بھی میگزینز کے سرِورق پر اپنی تصاویر چھپوانے کا موقع ملے۔ پاپ سٹار نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ ان کا جسم اب تھوڑا سا آرام چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مشیروں کے کہنے میں آ کر نادانیاں کرتی رہیں۔ برٹنی نے حال ہی میں اپنے مینیجر لیری رڈولف کو نوکری سے برخاست کیا ہے۔ رڈولف نو سال سے ان کے مینیجر تھے۔ برٹنی کی دوسری بڑی خبر ان کی ڈانسر کیون فیڈرلین سے ستمبر میں ہونے والی شادی تھی۔ برٹنی نے کہا کہ انہوں نے اس نئی آزادی کے بعد نا کہنا سیکھ لیا ہے۔ اس سے پہلے بھی برٹنی نے جنوری میں اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزانڈر سے پچپن گھنٹے کی شادی کی تھی۔
برٹنی نے اپنے مداحوں سے معذرت کی کہ گزشتہ دو سالوں سے ان کی زندگی مدوجزر کا شکار تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرلین سے شادی کرنا ایک بڑی بات ہے اور وہ خاندان شروع کرنے کے لیے بے چین تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وقت بدل رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ میں بھی‘۔ برٹنی نے کہا کہ ’میں پندرہ سال کی عمر سے ہی بس چلتی جا رہی ہوں‘۔ ’یہ ایک حیران کن بات ہے کہ مشورہ دینے والے آپ کو مجبور کرتے ہیں کہ آپ یہ کریں، چاہے اس کا مطلب ایک ناتجربہ کار، جوان، سنہرے بالوں والی سفید لڑکی کو اٹھا کر ہر میگزین کے سرِ ورق پر لگانا ہو‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||