بھارت سےواپسی پراداکاراؤں کاجھگڑا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کےاداکارائیں اور اداکار ممبئی میں بنائی جانے والی کسی فلم میں پہلی بار کاسٹ کیے گۓ تھے لیکن وہاں سے واپسی پر اداکارائیں ایک دوسرے کے کردار پر خوب کیچڑ اچھال رہی ہیں۔ ممبئی میں بنائی جانے والی پنجابی فلم ’پنڈ دی کڑی‘ میں جو پاکستانی فلم ’باؤ جی‘ کا ری میک ہے، پاکستانی اداکاراؤں کو کاسٹ کیا گیا ہے جو اب آپس میں لڑ رہی ہیں اور ایک دوسرے پر ممبئی میں ’غیر فلمی‘ سرگرمیوں میں مشغول رہنے کا الزام لگارہی ہیں۔ ’باؤ جی‘ میں ننھا، علی اعجاز، ممتازاور رومانہ نے کام کیا تھا اور ’سانوں نہر والے پُل تے بلا کے‘۔۔۔اس فلم کا مشہور ترین گانا تھا۔’ کڑی پنجابن‘ میں ننھا کی جگہ اشرف راہی، علی اعجاز کی جگہ طارق جاوید، ممتاز کی جگہ وینا ملک اور رومانہ کی جگہ شیبا بٹ کو کاسٹ کیاگیا ہے۔ چند روز پہلے وینا ملک ممبئی سے لاہور آئیں تو انھوں نے پریس کانفرنس کی اور شیبا بٹ پر الزام لگایا کہ وہ اپنی ڈبنگ کا کام ادھورا چھوڑ کر ملک واپس آگئیں جس سے فلم ساز کو سات لاکھ روے کانقصان برداشت کرنا پڑا۔ وینا ملک نے کہا کہ انھوں نے اپنے معاوضے سے یہ رقم کٹوادی تاکہ ملک کا نام بدنام نہ ہو۔ وینا ملک نے شیبا بٹ پر اور بھی الزام لگائے اور ان کی سرگرمیوں کو منفی بتایا۔ شیبا بٹ نے بدھ کے روز جوابی پریس کانفرنس داغ دی اور اس میں وینا ملک کے چال چلن پر سنگین الزامات لگاۓ۔ شیبا بٹ نے کہا کہ فلم میں وینا کا کردار تو ایک ایکسٹرا جیسا ہے جسے وہ بڑھا چڑھا کر بیان کررہی ہیں۔ شیبا بٹ نے کہا کہ انھوں نے اور دوسرے اداکاراؤں نے چھبیس دن اس فلم کی شوٹنگ میں حصہ لیا اور پینتیس سے ستر سین کی فلم بندی کی گئی جس دوران ان کے ویزے کی مدت ختم ہوگئی۔ چونکہ ویزے کی توسیع نہیں ہوسکی، لہذا وہ فلم کی ڈبنگ نہیں کراسکیں تھیں اور انھوں نے فلم ساز سے کہا تھا کہ وہ انھیں دوبارہ ہندوستان کا ویزا دلوا دیں تو وہ واپس آکر ڈبنگ کرادیں گی۔ شیبا بٹ اپنی معصومیت کے ثبوت کے لیے سٹیج کے اداکار عمر شریف کو بھی ساتھ لائیں تھیں جنھوں نے صحافیوں سے کہا کہ شیبا ان کے ساتھ چھ مرتبہ غیرملکی دوروں پر گئیں اور انھوں نے ان میں کوئی منفی بات نہیں دیکھی۔ جب سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات بحال ہوئے ہیں پاکستان سے لالی وڈ کی اداکارائیں مبئی کے دورے کررہی ہیں اور ہر اداکارہ واپسی پر اعلان کرتی ہے کہ اس کی ممبئی میں بہت پذیرائی کی گئی اور فلموں میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||