حسین کے کینوس سے ایک نئی فلم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
مشہور و معروف مصور فداحسین کی ہمہ جہت فلم ’گج گامنی‘ باکس آفس پر تو بے شک کوئی معرکہ سر نہ کر سکی لیکن اس ناکامی نے نہ حسین کا یقین متزلزل کیا اور نہ ہی ان کی ہمت پست ہوئی۔ اب وہ اپنی نئی فلم مینا کشی ۔ اے ٹیل آف تھری سٹیز لیکر ایک بار پھر باکس آفس پر قسمت آزمانے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ فلم ’مینا کشی‘ ایک ایسے مصنف کی کہانی ہے جو اپنی کتاب کے لئے نئے موضوع کی تلاش میں ہے۔ وہ کسی انوکھے کردار کی تلاش کے دوران ایک میناکشی نام کی خاتون سے ملتا ہے اور اس سے متاثر ہو کر اسے اپنی کہانی کا مرکزی کردار بناتا ہے۔ اس فلم کی شوٹنگ حیدرآباد، جیسلمیر اور پراگ میں ہوئی۔ مقبول فدا حسین بتاتے ہیں کہ ’مینا کشی کا کردار ہمیں روز مرہ زندگی میں بھی نظر آتا ہے‘
فلم میں مصنف اور کردار کے عجیب رشتہ کو نمایاں کرتے وقت یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ اس رشتہ کو کیا نام دیا جائے۔ فلم میں مینما کشی کا کردار کئی پہلوؤں پر مشتمل ہے جو مختلف شہروں میں الگ الگ روپ میں ملتا ہے۔ حیدرآباد میں وہ عطر کا کاروبار کرنے والی دوشیزہ ہے۔ جیسلمیر میں وہ ریگستان کی رونق ہے۔ پراگ میں وہ ایک بے یار و مددگار یتیم لڑکی کی شکل میں نظر آتی ہے جس کا نام ماریا ہے۔ اس فلم کا اسکرین پلے ایم ایف حسین کے ہونہار صاحب زادے اویس حسین نے لکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’میں ہمیشہ ایک وڈیو کیمرہ لے کر گھومتا رہتا ہوں۔ چھوٹی چھوٹی فلمیں بناتا ہوں اور ان کے منتخب حصے اپنی پینٹنگ میں استعمال کرتا ہوں اور یہ سلسلہ مستقل چلتا رہتا ہے۔ میں کسی موقع کی تلاش میں تھا کہ کب فلم بنا سکوں لیکن فلم کی تخلیق بہت سرمایہ کی متقاضی ہے۔ اسی لئے اتنا وقت لگ گیا‘ اویس حسین کا کہنا ہے کہ یہ فلم میناکشی دوسری فلموں سے یقیناً مختلف ہے۔ ایم ایف حسین اور اویس حسین فلم کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہیں کہ یہ آجکل کی مروجہ فلموں کے متوازی نہیں ہے جس میں بیوی بچے بیٹھ کر روئیں۔ نہ چھلانگیں لگاتے مسنخرے ہنسانے کی کوشش کرتے ہیں۔ نہ ہی نیم عریاں اور شہوت انگیز طریقوں سے گانے فلمائے گئے ہیں۔ اس کی کہانی اور مزاج بالکل مختلف ہے۔ ایم ایف حسین دعوی کرتے ہیں کہ یہ فلم اپنی کہانی اور ٹریٹمنٹ کی وجہ سے ضرور پسند کی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے اے آر رحمٰن کی دلکش موسیقی ، شنتوش سیوان کی فوٹو گرافی، اور ان کا اپنا پچاس ساٹھ سالہ تجربہ اور اویس کے مشاہدہ کا امتزاج سینما بینوں کو جوق در جوق کھینچ کر لے آئے گا۔ اس فلم میں معروف اداکارہ تبو مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں اور مصنف کا کردار رگھو بیر یادو نے نبھایا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||