’ڈونلڈ ٹرمپ رولنگ سٹونز کی موسیقی استعمال نہ کریں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
معروف برطانوی بینڈ دی رولنگ سٹونز نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ ان کے گیت صدارتی دوڑ کی مہم میں استعمال کرنا بند کریں۔
دی رولنگ سٹون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں رپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے امیدوار کو ان کے بینڈ کی موسیقی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
’رولنگ سٹونز نے ٹرمپ کی مہم میں ان کے گیت استعمال کرنے کی کبھی اجازت نہیں دی ہے اور درخواست کی ہے کہ وہ ان کا استعمال فوراً روک دیں۔‘
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم میں کئی ماہ سے رولنگ سٹونز کے گیت استعمال کر رہے ہیں۔
اس بینڈ کا سنہ 1969 کا گیت ’یو کانٹ آلویز گیٹ وٹ یو وانٹ‘ خاص شہرت رکھتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ سے شکایت کرنے والا یہ پہلا بینڈ نہیں ہے۔ اس سے قبل فروری میں گلوکارہ اڈیل کی جانب سے بھی ان کے معروف گیت ’رولنگ ان دی ڈیپ‘ کے استعمال کیے جانے پر بیان جاری کیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اڈیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا تھا انھوں نے ’کسی بھی سیاسی مہم کے لیے اپنی موسیقی کے استعمال کی اجازت نہیں دی۔‘
امریکی راک بینڈ ایرو سمتھ نے بھی ٹرمپ کی انتخابی مہم میں ان کی موسیقی کے استعمال کے خلاف احتجاج کیا تھا، جب کہ گلوکار سٹیون ٹیلر کے وکلا نے ٹرمپ کو ان کے گیت ’ڈریم اون‘ کا استعمال روکنے کے حوالے سے خط لکھا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹیون ٹیلر رجسٹرڈ رپبلکن ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ’ذاتی‘ معاملہ نہیں بلکہ اجازت اور کاپی رائٹ کا معاملہ ہے۔
اس سے قبل نیل ینگ بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے گیت ’راکنگ ان دی فری ورلڈ‘ کا استعمال روکنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔







