رولنگ سٹونز کا کیوبا میں مفت کانسرٹ

،تصویر کا ذریعہRolling Stones
معروف برطانوی میوزیکل بینڈ ’رولنگ سٹونز‘ نے رواں ماہ کے آخر میں کیوبا میں ایک کانسرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں داخلہ مفت ہوگا۔
بینڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ 25 مارچ کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ہونے والی تقریب ’کیوبا میں کھلے میدان میں کسی بھی برطانوی راک بینڈ کی پہلی پرفارمنس ہوگی۔‘
رولنگ سٹونز اس وقت لاطینی امریکہ کے دورے پر ہیں اور ان کا یہ دورہ 17 مارچ کو میکسیکو سٹی میں کانسرٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
رولنگ سٹونز ہوانا میں اپنے فن کا مظاہرہ امریکی صدر براک اوباما کے کیوبا کے تاریخی دورے کے محض تین روز بعد کریں گے۔
اپنے بیان میں رولنگ سٹونز نے کہا ہے کہ ’اپنے طویل کریئر میں ہم نے کئی خاص جگہوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ہوانا ہمارے لیے بھی ایک تاریخی تقریب ہوگی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے کیوبا کے دوستوں کے لیے بھی یہ اتنا ہی خاص ہوگا۔‘
کیوبا میں انقلاب کے ذریعے فیدل کاسترو کے اقتدار میں آنے کے بعد 50 کی دہائی میں سیاسی وجوہات کی بنا پر ملک میں راک میوزک کا ارتقا رک گیا تھا۔
سنہ 2001 میں ’سٹریٹ پریچر‘ کیوبا میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والا سب سے بڑا برطانوی بینڈ بن کے سامنے آیا تھا۔
انھوں نے ہوانا کے کارل مارکس تھیٹر میں کیوبا کے صدر کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹونز کی جانب سے کیا جانے والا کیوبا کا دورہ فلم ڈائریکٹر پال ڈگ ڈیل فلمبند کریں گے جو اس سے قبل ون ڈائریکشن، اڈیل اور کولڈ پلے کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔







