طاہر شاہ کے گانے’اینجل‘ کی دھوم

،تصویر کا ذریعہtahirshah.com

پاکستانی گلوکار طاہر شاہ نےاپنا دوسرا گانا ’اینجل’ ریلیز کر دیا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر طاہر شاہ جو کہ اپنے لمبے بالوں اور غیرم معولی کپڑوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں نے شہرت حاصل کی ہے۔

ان کا پہلا گانا آئی ٹو آئی، آج سے تین سال پہلے ریلیز ہوا تھا لیکن چند مہینوں تک مقامی میوزک چینلز پہ چلنے کے بعد، اس گانے کو اچانک اُس وقت مقبولیت ملی جب سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے دیکھا اور اس پر تبصرے کیے۔

گذشتہ روز طاہر شاہ نے اپنا دوسرا گانا اینجل ریلیز کیا جس نے سوشل میڈیا پہ مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں اور پاکستان سمیت انڈیا اور برطانیہ میں بھی اس وقت ہیش ٹیگ طاہر شاہ ، ٹاپ پر ٹرینڈ کررہا ہے۔

اس گانے کو 3000 سے زائد مرتبہ ٹوئٹ کیا جا چکا ہے۔

ابتدا میں بظاہر ایسے لگتا ہے کہ یہ ویڈیو کسی نقالی پر مشتمل ہے یا پھر ایک ایسی چیز جس پر ہم گلوکار کے ساتھ خود بھی ہنستے ہیں۔ مگر یہ کوئی مذاق نہیں کیونکہ طاہر شاہ خود کہتے ہیں کہ وہ ایک سنجیدہ آرٹسٹ ہیں۔

’میں ایک فرشتے کی مانند ہوں، انسانی فرشتہ، تمھارے لیے تنہا‘

ان کے گانے کے انھی بولوں نے انٹرنیٹ کے صارفین کی توجہ حاصل کی اور پھر لاتعداد افراد نے ان کے اعتماد کو سراہا بھی اور مذاق بھی اڑایا۔

ٹوئٹر پر ظاہر شاہ کے 45 ہزار فالورز ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے ٹویٹ کی کہ جب آپ آئی ٹو آئی کو اینجل کے ساتھ دیکھتے ہیں تو آپ کو لگتا ہے کہ آپ آشوبِ چشم میں مبتلا ہیں۔

،تصویر کا ذریعہtwitter

سر جاوید میانداد کے نام سے موجود صارف نے ایک تصویر کے ذریعے اس گانے کو سننے کے بعد اپنی کیفیت کو بیان کیا۔

،تصویر کا ذریعہtwitter

لیکن ٹویٹر صارف مہوش نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ تسلیم کریں کہ آپ کی خواہش تھی کہ آپ میں طاہر شاہ جیسا اعتماد ہوتا۔

،تصویر کا ذریعہtwitter

انونشے نے سلائی مشین سنگر کی تصویر کے ساتھ طنزیہ انداز میں لکھا’ اب بھی یہ طاہر شاہ سے بہتر سنگر ہے‘