مودی کی پیمائش مکمل، اب مادام تسود میں نظر آئیں گے

،تصویر کا ذریعہ
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جلد ہی برطانیہ کے معروف مادام تسود میوزیم کا حصہ بننے والے ہیں۔
رواں سال اپریل سے لندن، سنگاپور، ہانگ کانگ اور بینکاک کے مادام تسود میوزیم میں ان کو دیکھا جا سکے گا۔
وزیر اعظم مودی سے قبل بھارت کے کئی شخصیات مادام تسود کی زینت بن چکی ہیں جن میں مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی سے لے کر شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے تک شامل ہیں۔
دنیا بھر میں موم کے پتلوں کے لیے معروف میوزیم تساد کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بھارتی وزیر اعظم مودی عالمی سیاست میں انتہائی متاثر کن شخصیت ہیں۔ انھیں سنہ 2015 میں ٹائم میگزین نے دنیا کی سرفہرست دس اہم شخصیات کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مودی سوشل میڈیا پر بھی بہت مقبول ہیں اور اوباما کے بعد ٹوئٹر پر دوسرے سب سے زیادہ مقبول سیاست دان ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بیان کے مطابق میوزیم کے کاریگروں نے رواں سال کے آغاز میں دہلی جا کر ان کے جسم اور چہرے مہرے کی پیمائش کی تھی۔
اس مجسمے میں مودی اپنے مخصوص کرتے اور بادامی رنگ کی جیکٹ میں نمستے کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔
مودی نے کہا ہے جس پیشہ ورانہ انداز سے ان کی پیمائش لی گئی ہے وہ اسے دیکھ کر ’ان فنکاروں کی مہارت کے قائل ہو گئے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مادام تسود میں دنیا کی معروف شخصیتوں کے موم کے مجسمے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہMADAM TUSSAUDS
بھارتی رہنما مہاتما گاندھی پہلی بھارتی شخصیت ہیں جو مادام تسود کی زینت بنے اور امیتابھ بچن پہلے بالی وڈ اداکار ہیں جنھیں وہاں جگہ ملی۔
مادام تسود میں سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی بھی موجود ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارتی سینیما سے امیتابھ بچن کے علاوہ، شاہ رخ خان، ایشوریہ رائے، کرینہ کپور، قطرینہ کیف، سلمان خان، رتیک روشن اور مادھوری دیکشت وغیرہ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کھیل کے میدان سے سچن تیندلکر بھی اس میوزیم کی زینت ہیں۔







