موم کی قطرینہ اور انوشکا بنیں بحث کا موضوع
قطرینہ کیف بنیں میڈم تساد کی زینت
بالی وڈ کے اداکاروں کو لندن کا معروف میڈم تساد میوزیم بہت راس آ رہا ہے۔
سنیچر کو وہاں معروف اداکارہ قطرینہ کیف جلوہ گر ہوں گی کیونکہ ان کا موم میں ڈھلا مجسمہ وہاں رکھا جا رہا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ میڈم تساد میں بالی وڈ کی معروف شخصیات کی کی موجودگي کو 15 سال پورے ہو رہے ہیں اور اسی خاص موقع پر قطرینہ کیف کو موم میں ڈھالا گیا ہے۔
قطرینہ کے مجسمے کو بنانے کے لیے تقریبا چار ماہ تک 20 فنکاروں نے محنت کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
موم کی قطرینہ کی مورت پر ایک لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کے اخراجات آئے جو پاکستانی روپے میں دو کروڑ 27 لاکھ آتے ہیں۔
میڈم تساد میں رکھنے کے لیے قطرینہ کے ایک خاص ڈاسنگ پوز کو منتخب کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ اس میوزیم میں امیتابھ بچن کو ووٹنگ کے ذریعے جگہ ملی پھر شاہ رخ خان، سلمان خان اور ریتک روشن کو بھی جگہ ملی۔ ان کے علاوہ یہاں اب ایشوریہ رائے، کرینہ کپور اور مادھوری دیکشت کے بھی مجسمے ہیں۔
انوشکا پر مباحثہ
کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کی شکست پر بھارتی کرکٹ فین نے جہاں کرکٹر ویراٹ کوہلی کی خراب کارکردگی کو ان کی گرل فرینڈ اداکارہ انوشکا شرما کی موجودگی قرار دیتے ہوئے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کرکٹ اور بالی وڈ کے کئی لوگ ان کی حمایت میں سامنے آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انشكا شرما پر بھارتی کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر خوب دل کا غبار نکالا۔ پہلے بھی ایسا ہوتا تھا لیکن یہ اس طرح نظر نہیں آتا تھا جیسا اس بار نظر آیا۔
ورلڈ کپ کا ایک سیمی فائنل بھارت 19 سال پہلے بھی ہارا تھا۔ کرکٹ کے پرستاروں کا غصہ اس وقت بھی نظر آیا تھا اور نشانے پر بھارتی کپتان اظہرالدین اور ان کی اس وقت دوست اداکارہ سنگیتا بجلانی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
مارچ سنہ 1996 میں بھارتی ٹیم جب سری لنکا سے میچ ہارنے کے قریب تھی تو کرکٹ شائقین نے تب بھی اپنا کریہہ چہرہ دکھایا تھا۔ میدان پر بوتلیں پھینکی گئیں میچ روک دیا گیا۔
اس ہار کے کچھ سال بعد کھیل صحافی مرلی كرشنن کے آؤٹ لک میگزین کے ایک مضمون میں لکھا: ’مقامی اخباروں نے سنگیتا بجلاني کو ہی اظہرالدین کے برے دنوں کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔‘
ویراٹ اور انوشکا پر تنقید کرنے والوں کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گانگولی نے ’کم سمجھ ركھنےوالے لوگ‘ سے تعبیر کیا۔ انھوں نے کہا: ’انوشكا کو ویراٹ کی بری کارکردگی کے لیے ذمہ دار ٹھہرانا جائز نہیں، وہ بھی باقی کرکٹروں کے اہل خانہ کی طرح حوصلہ افزائی کے لیے آئی تھیں۔‘
اداکار ابھیشیک بچن نے ٹویٹ کیا: ’یہ اس طرح کے لوگ ہیں جنہیں کبھی محبوبہ یا بیوی نہیں ملے گی۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
نرگس کے لیے ’ہیرا پھیری‘
بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے حال ہی میں تقریبا ایک سال بعد کوئی فلم سائن کی ہے اور وہ فلم ہے ’ہیرا پھیری - 3‘ ہے۔
لیکن اطلاعات کے مطابق اب ان کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ ’ہاؤز فل- 3‘ میں بھی آ رہی ہیں۔
پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ ہاؤز فل تھری مین جیکلن فرنانڈیز، ایمی جیکسن اور ایلی اورام ہوں گي لیکن اب یہ کہا جا رہا ہے کہ اس میں نرگس فخری کے لیے بھی جگہ پیدا کی جا رہی ہے۔
بہر حال ابھی نرگس فخری یا پھر فلم ساز ساجد ناڈیاڈ والا سے اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہے۔
’ہیرا پھیری-3‘ میں وہ جان ابراہم کے مقابل ہوں گی۔







