بالی وڈ میں دیر سے شادی کا رواج؟

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
ایک مشہور کہاوت ہے کہ ’خالی دماغ شیطان کا گھر ہوتا ہے‘۔ فلمساز رام گوپال ورما کا دماغ بھی لگتا ہے آج کل اسی راستے پر ہے۔ رامو آج کل اداکارہ سنی لیونی پر دھڑا دھڑ بے تکی ٹویٹس کرکے اپنا ہاتھ صاف کر رہے ہیں۔
وہ اپنی ٹویٹس میں اداکارہ سنی لیونی پر بلا وجہ اور کچھ زیادہ ہی تبصرے کر رہے ہیں۔ اپنی طنزیہ ٹویٹس میں رامو کبھی سنی کا موازنہ وزیراعظم نریندر مودی سے کر رہے ہیں تو کہیں لوگوں سے سوال کر رہے ہیں کہ بھارت کے لوگوں کو سب سے زیادہ خوشی کس نے دی سنی لیونی نے یا حکومتِ ہند نے؟
اپنی ایک ٹویٹ میں انھوں نے عامر خان کے اس بیان کو بھی طنز کا نشانہ بنایا جس میں عامر نے سنی لیونی کے حق میں اس وقت بیان دیا تھا جب cnn/ibn پر بھوپیندر چوبے نے سنی لیونی سے ان کے ماضی کے بارے میں چبھتے ہوئے سوال کیے تھے اور پوچھا تھا کہ کیا عامر خان جیسا بڑا سٹار ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوگا؟
اس انٹرویو پر تنازع کے دوران عامر خان نے ٹویٹ کیا تھا کہ انھیں سنی کے ماضی سے کوئی لینا دینا نہیں اور اگر موقع مِلا تو وہ سنی کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اب معلوم نہیں کہ رام گوپال ورما یہ سارا تماشا محض پبلسٹی کے لیے کر رہے ہیں یا پھر ان کے دل میں بھی سنی لیونی کے ساتھ کام کرنے کی کوئی خواہش پوشیدہ ہے۔
سلمان خان کیا ہیں؟ دبنگ، چلبل، رابن ہڈ یا بجرنگی بھائی جان؟

سلمان خان اپنی فلموں میں کبھی دبنگ کے روپ میں ہوتے ہیں کبھی چلبل اور کبھی ٹائیگر لیکن کہا جاتا ہے کہ اپنی اصل زندگی میں وہ رابن ہڈ ہیں اور اکثر اپنی دریا دلی کا مظاہرہ بھی کرتے رہتے ہیں۔
لیکن کیا اپ کو معلوم ہے کہ وہ اپنے باڈی گارڈز سے ادھار بھی لیتے ہیں؟ لوگ شاید اس بات پر یقین نہ کریں لیکن یہ بھی ان کی شخصیت کا ایک روپ ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ انھوں نے ایسا کیوں کیا؟
خبر ہے کہ سلمان ممبئی کے باندرہ علاقے میں ایک مشہور ریستوراں میں پارٹی کر رہے تھے جب سلمان ریستوراں سے باہر نکلے تو کچھ غریب بچے جو کہ رنگ بھرنے والی کتابیں فروخت کر رہے تھے انھیں دیکھ کر دوڑ کر ان کے پاس پہنچ گئے۔ ان بچوں نے سلمان سے وہ کتابیں خریدنے کی درخواست کیں۔
سلمان نقد رقم تو رکھتے نہیں پریشان ہو گئے وہ ان بچوں کا دل نہیں توڑنا چاہتے تھے۔ ایسے میں سلمان نے اپنے ہی محافظوں سے نقد رقم ادھار لی اور ان بچوں کی کتابیں خرید لیں۔ اب اسی لیے تو لوگ انھیں بجرنگی بھائی جان پکارتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پریتی کی شادی ابھی بھی صیغۂ راز میں!

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY
بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا سے جب بھی ان کی شادی کی افواہوں کے بارے میں پوچھاجاتا تھا وہ آگ بگولہ ہو جاتی تھیں اور کئی بار اپنی شادی کی خبروں کو مسترد کرتی رہی ہیں۔
کچھ ہفتے پہلے بھی ان کے امریکی بوائے فرینڈ جین گوڈنوف سے ان کی شادی کی خبر عام ہونے پر انھوں نے لوگوں کو کافی لتاڑتے ہوئے کہا کہ اپنی شادی کا اعلان وہ خود کریں گی اس لیے انھیں تنہا چھوڑ دیا جائے۔
اب پتہ نہیں اچانک کیا ہوا کہ بالی ووڈ میں ان کے دوستوں نے خود ٹوئٹر پر انھیں مبارکباد دیتے ہوئے یہ خبر بریک کی کہ 29 فروری کو ایک خفیہ تقریب میں پریتی نے جین گوڈنوف سے شادی کر لی۔
اداکارہ سشمیتا سین، رتیک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان نے جوکہ پریتی کی دوست ہیں ٹوئٹر پر ان کی شادی کی تفصیلات بتائیں۔ان کے علاوہ بھی بالی ووڈ کی بہت سی ہستیوں نے انھیں مبارکباد پیش کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پریتی کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق یا تردید نہیں آئی ہے۔ لگتا ہے شاید 41 سالہ پریتی کے دوستوں نے انہیں صلاح دی ہے کہ بی بی دیر سے ہی سہی شادی ہو تو گئی اب یہ چھپانے کا نہیں بلکہ خوشیاں منانے کا موقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہPiicture N Kraft PR
بالی وڈ کی کچھ ہیرؤئنوں میں دیر سے شادی کا رواج بڑھ رہا ہے۔ حال ہی پریٹی زنٹا کی شادی ہوئی اور اب ارمیلا ماتونکڑ نے خاموشی سے ایک کشمیری تاجر اور ماڈل محسن اختر سے شادی کر لی ہے۔ ارمِلا فلم ’رنگیلا‘ کے بعد اول درجے کی ہیروئنز کے فہرست میں آگئی تھیں۔ارمیلا نے بھی اپنی شادی کی تقریب خفیہ رکھی۔
سمجھ میں نہیں آتا کے بالی ووڈ میں زبردست پبلسٹی اور دھوم دھام سے انٹری لینے والی یہ ہیروئنز اپنی اصل زندگی کے اتنے اہم موڑ کو خفیہ رکھنے میں کیوں یقین رکھتی ہیں؟







