2015 میں بالی وڈ کی کامیاب ترین فلمیں

بجرنگی بھائی جان نے تین ارب روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے اور سال کی کامیاب ترین فلم رہی

،تصویر کا ذریعہby spice pr

،تصویر کا کیپشنبجرنگی بھائی جان نے تین ارب روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے اور سال کی کامیاب ترین فلم رہی

یہ موسم سال بھر کے تجزیے کا ہے اور تفریح کی دنیا میں کامیابیوں اور ناکامیوں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ہم نے پیش کی تھیں بالی وڈ کی بڑے بجٹ کی چند ناکام فلمیں، اور اب پیش خدمت ہیں چند کامیاب ترین فلمیں۔

کامیاب فلموں کی یہ فہرست ممبئی سے بی بی سی ہندی کے لیے لکھنے والی صحافی مدھو پال نے تیار کی ہے۔

بعض فلمیں بہترین اداکاری اور ہدایت کی وجہ سے کامیاب رہیں تو بعض اپنے سکرپٹ اور کہانی کے ’پلاٹ سے منسلک تنازع‘ کے باعث۔

رواں سال ایک تخمینے کے مطابق 150 سے بھی زیادہ فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن کامیابی چند فلموں ہی کے دامن میں آئی۔

باجی راؤ مستانی اور دل والے میں بازی دل والے کے ہاتھوں جا رہی ہے

،تصویر کا ذریعہeros

،تصویر کا کیپشنباجی راؤ مستانی اور دل والے میں بازی دل والے کے ہاتھوں جا رہی ہے

رواں سال سلمان خان، امیتابھ بچن، اکشے کمار، ورون دھون اور جنوبی ہند کے سپر سٹار پربھاس کی فلمیں سب سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ اداکاراؤں میں کنگنا راناوت، کرینہ کپور اور دیپکا پاڈوکون پر قسمت پھر سے مہربان نظر آئی۔

اس سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دس فلموں میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی رنویر سنگھ، دپیکا اور پرینکا چوپڑا کی اداکاری والی فلم ’باجي راؤ مستانی‘ نے گذشتہ پانچ دنوں میں تقریبا 62 کروڑ روپے کمائے۔

دونوں فلمیں سو کروڑ کا ہندسہ پار کرنے والی ہیں

،تصویر کا ذریعہred chillies

،تصویر کا کیپشندونوں فلمیں سو کروڑ کا ہندسہ پار کرنے والی ہیں

اسی دن ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم ’دل والے‘ نے پانچ دنوں میں تقریبا 85 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور دونوں ابھی بھی سینیما گھروں میں لوگوں کی کشش کا باعث ہیں۔

باکس آفس انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال پہلے نمبر پر کبیر خان کی ہدایت میں بننے والی اور سلمان خان کی اداکاری والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ رہی۔

اس میں نواز الدین صدیقی، کرینہ کپور اور منی کا کردار ادا کرنے والی بچی ہرشالي ملہوترا تھیں۔ فلم نے تقریباً تین ارب 16 کروڑ 78 لاکھ روپے کمائے۔ فلم نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پاکستان میں بھی دھوم مچائی۔

پریم رتن دھن پایو میں سلمان کے ساتھ اداکارہ سونم کپور تھیں

،تصویر کا ذریعہrajshri production

،تصویر کا کیپشنپریم رتن دھن پایو میں سلمان کے ساتھ اداکارہ سونم کپور تھیں

دوسرے نمبر پر بھی سلمان ہی کی فلم ’پریم رتن دھن پايو‘ رہی۔ اس فلم کی خاص بات ہدایت کار سورج بڑجاٹيا کے ساتھ سلمان خان کا پورے 16 سال بعد ایک ساتھ کام کرنا تھا۔ اس فلم نے تقریباً ایک ارب 87 کروڑ 49 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

تیسرے نمبر پر اداکارہ کنگنا راناوت کی فلم ’تنو ویڈز منو‘ کا سیکوئل رہی۔ اس فلم کی لاگت 31 کروڑ روپے تھی لیکن اس نے مجموعی طور پر ایک ارب 51 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔

تنو ویڈس منو میں کنگنا راناوت ڈبل رول ادا کر رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہTanu weds Manu

،تصویر کا کیپشنتنو ویڈس منو میں کنگنا راناوت ڈبل رول ادا کر رہی ہیں

چوتھے نمبر پر ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی کی فلم ’باہوبلی‘ نے پوری دنیا میں کمائی کے بہت سے ریکارڈ بنائے۔

فلم کے ہندی ورژن نے ایک ارب دس کروڑ 94 لاکھ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا اور جنوبی فلموں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

بالی وڈ اداکار ورون دھون اور شردھا کپور کی جوڑی والی فلم ’اے بی سی ڈی 2‘ کے لیے نوجوانوں کے درمیان خاصا کریز نظر آيا۔ اس فلم کی کمائی بھی ایک ارب چار کروڑ روپے سے اوپر رہی اور یہ فلم کامیاب فلموں کے زمرے میں نمبر پانچ پر رہی۔

ویلکم بیک میں بڑے اداکاروں کی ایک قطار ہے
،تصویر کا کیپشنویلکم بیک میں بڑے اداکاروں کی ایک قطار ہے

انیس بزمی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’ویلكم بیک‘ نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چھٹے نمبر پر رہی۔

جان ابراہم، انیل کپور، نصیر الدین شاہ، نانا پاٹیکر جیسے بڑے سٹارز والی اس فلم نے 93 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زیادہ کمائے۔ ’ویلکم بیک‘ سنہ 2007 میں آنے والی فلم ’ویلکم‘ کا سیکوئل تھی۔

اداکار اکشے کمار اور سدھارتھ ملہوترا کی ’برادر‘ نمبر سات پر رہی۔ اس نے امیدوں کے مطابق بزنس تو نہیں کیا تاہم پھر بھی 78 کروڑ روپے بٹورنے میں کامیاب ہو گئی۔

اکشے کمار کی اداکاری والی دو فلمیں پہلی دس فلموں میں شامل ہیں
،تصویر کا کیپشناکشے کمار کی اداکاری والی دو فلمیں پہلی دس فلموں میں شامل ہیں

کامیاب فلموں کے زمرے میں ’گبر از بیک‘ آٹھویں نمبر پر رہی۔ اس میں بدعنوانی کے مسئلے کو اٹھایا گیا تھا اور شاید اسی سبب ناقدین کے ساتھ ساتھ ناظرین نے بھی اسے خوب پسند کیا۔ اس نے تقریباً 78 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

نویں نمبر پر اکشے کمار کی فلم ’بے بی‘ رہی جس نے78 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کا بزنس کیا۔اس فلم میں انتہا پسندی کے مسئلے کو پیش کیا گیا تھا۔

دیپکا کی فلم پیکو کو بھی لوگوں نے خوب سراہا

،تصویر کا ذریعہpr

،تصویر کا کیپشندیپکا کی فلم پیکو کو بھی لوگوں نے خوب سراہا

نمبر دس پر دیپکا پاڈوکون کی مرکزی کردار والی فلم ’پيكو‘ رہی جس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

امیتابھ بچن اور عرفان خان کی موجودگی نے فلم کو مزید پرلطف بنا دیا تھا اور لوگوں نے تینوں کردار کو سراہا۔ فلم کی کمائی تقریباً 77 کروڑ روپے رہی۔