سلمان میرا سینیئر ہے: شاہ رخ خان

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ کریئر کے معاملے میں سلمان ان سے بڑے ہیں، جبکہ عمر کے معاملے میں وہ ان سے بڑے ہیں۔
کلرز چینل پر نشر ہونے والے ریلٹی شو ’بگ باس سیزن 9‘ میں اداکار سلمان خان کے ساتھ شاہ رخ نے سٹیج شیئر کیا اور پھر اسی شو کے سلسلے میں دونوں اداکار میڈیا سے مخاطب ہوئے۔
جب دونوں سے 20 سال پہلے آنے والی فلم ’کرن ارجن‘ کے بارے میں پوچھا گیا، تو سلمان نے کہا: ’میں نے شاہ رخ سے کہا کہ اس فلم میں بھائیوں کی بانڈنگ سکرین پر پیش کرنے کے لیے، آف سكرين بانڈنگ ہونا ضروری ہے۔‘
اسی فلم کی وجہ سے شاہ رخ اور سلمان کے درمیان اصل زندگی میں بھی بھائیوں جیسی دوستی پیدا ہوئي تھی۔
شاہ رخ نے بتایا: ’لوگ ہم میں سے کون بڑا ہے اور کون چھوٹا کی باتیں کرتے ہیں لیکن سلمان کریئر کے لحاظ سے میرا سینیئر ہے، جبکہ میں عمر میں سلمان سے ایک ماہ بڑا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہTips
سنہ 2007 میں آنے والی شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں شاہ رخ سکس پیک ایبز میں نظر آئے تھے اور اپنی ایبز بنانے کا سہرا وہ سلمان کے سر باندھتے ہیں۔
اپنے سکس پیک ایبز کے بارے میں شاہ رخ نے بتایا: ’سلمان کو دیکھ کر ہی میں نے ورزش شروع کی تھی۔ کرن ارجن کے سیٹ پر سلمان پہلے ورک آؤٹ کیا کرتا تھا، پھر ہم سب کو بھی ورزش کروایا کرتا تھا۔ یعنی میرے سکس پیک کے پیچھے اسی کا ہاتھ ہے۔‘
اسی فلم میں ماں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ راکھی گلزار سے رابطے کے بارے میں دونوں خانوں سے پوچھا گیا تو سلمان نے کہا کہ وہ اب بھی راکھی سے رابطے میں ہیں جبکہ شاہ رخ نے اس بات سے انکار کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

شاہ رخ نے انھیں یاد کرتے ہوئے کہا: ’میں ان سے رابطے میں تو نہیں ہوں لیکن وہ ہمارے لیے ہماری ماں کی طرح ہیں۔ وہ کافی سینیئر ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’کرن ارجن کے دنوں میں وہ ہم دونوں کو بہت نظم و ضبط میں رکھتی تھیں یا یوں کہیں کہ ہم دونوں کو صرف وہ ہی قابو میں رکھ سکتی تھیں۔‘
تاہم جب دونوں اداکاروں سے پوچھا گیا کہ وہ اگلی فلم ساتھ میں کب کر رہے ہیں، تو دونوں نے کہا کہ ’اچھے سکرپٹ‘ کا انتظار ہے۔
کیا ’شعلے‘ کے ری میک میں دونوں کام کریں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے سلمان نے کہا: ’شعلے جیسی فلم ایک بار ہی بنتی ہے، دوسری بار جب بھی بنائی گئی فلاپ ہی رہی۔‘

،تصویر کا ذریعہcolors channel
دوسری جانب سلمان کے خاندان سے اپنے تعلقات کے بارے میں بتاتے ہوئے شاہ رخ نے کہا: ’ممبئی آنے کے بعد سلمان کا خاندان میرے گھر کی طرح ہی رہا ہے اور ہمارے درمیان کبھی کچھ برا نہیں ہوا، ہاں کچھ چیزوں پراختلافات ضرور تھے لیکن اس کی وجہ سے ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے متعلق برے خیالات نہیں آئے۔‘
شاہ رخ خان کے ساتھ ’بگ باس‘ کی شوٹنگ اگرچہ صرف ایک دن میں ہی مکمل کی گئی لیکن شاہ رخ خان والے حصے کو تین مختلف حصوں میں کاٹ کر تین دنوں تک دکھایا گیا اور ٹی وی چینل کی ریٹنگ کے اعداد و شمار کے حساب سے کلرز چینل نے ان تین دنوں میں زبردست ریٹنگ حاصل کیں۔







