’جوآنا ہوفمین کا کردار پورے کریئر کی جھلک ہے‘

 اس بات کی خوشی ہے کہ مجھے اس کام کے لیے نامزد کیا گیا جو میرے کریئر کے لیے بہت اہم ہے: کیٹ ونسلٹ

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن اس بات کی خوشی ہے کہ مجھے اس کام کے لیے نامزد کیا گیا جو میرے کریئر کے لیے بہت اہم ہے: کیٹ ونسلٹ

اداکارہ کیٹ ونسلٹ نے اپنے فلمی کریئر میں 11ویں مرتبہ گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے پر کہا ہے کہ ان کے لیے یہ خوشی ناقابلِ بیان ہے۔

کیٹ کو ’ایپل‘ کے بانی سٹیو جابز کے بارے میں ڈینی بوائلز کی فلم میں ان کے کردار پر نامزدگی ملی ہے۔

اس فلم میں انھوں نے کمپنی کی مارکیٹنگ ایگزیکٹو جوآنا ہوفمین کا کردار ادا کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ’یہ کردار میرے پورے کریئر کی جھلک ہے اور یہ میرے لیے کسی چیلینج سے کم نہیں تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مجھے اس کام کے لیے نامزد کیا گیا جو میرے کریئر کے لیے بہت اہم ہے اور جس کا حصہ ہونے پر مجھے فخر ہے۔‘

اس سوال پر کہ کیا انھیں گولڈن گلوب کے لیے نامزدگی کی عادت ہوگئی ہے، کیٹ ونسلٹ نے کہا کہ ’نہیں ایسا نہیں ہے۔ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ سب جھیلنا بہت آسان ہوگا لیکن ایسا نہیں ہے۔ میرا خیال ہے کہ اب چیزیں زیادہ مشکل ہوگئی ہیں کیونکہ 20 سال قبل جب مجھے فلم سینس اینڈ سینسبلٹی کے لیے نامزد کیا گیا تھا تو بہت سے لوگوں کو نہیں معلوم تھا کہ کون جیتے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اس وقت اگر آپ کو کسی چیز کے بارے میں دلچسپی نہیں تھی تو آپ اس کے بارے میں معلومات بھی حاصل نہیں کرتے تھے۔ لیکن اب چیزیں بدل گئیں ہیں۔‘

کیٹ کے مطابق ’آپ جتنا بھی چھپانا چاہیں، ہر چیز انٹرنیٹ پر موجود ہے۔ اس لیے اب مجھے معلوم ہے کہ لوگ کیا قیاس آرائیاں کررہے ہیں جس میں میں کافی پریشان بھی ہوجاتی ہوں۔‘