دس سالوں میں ٹرانسفامرز کی مزید چار فلمیں بنائے جانے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
ہیسبرو سٹوڈیوز کے صدر سٹیون ڈیوس کا کہنا ہے کہ آئندہ دس سالوں میں ٹرانسفارمرز کی کم از کم چار مزید فلمیں بنائی جائیں گی۔
فرانس کے جنوب میں واقع کانز میں ایک کنونشن سے خطاب میں سٹیون ڈیوس کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمرز سیریز کے آئندہ دس سالوں کے لیے سکرپٹ رائٹرز نے پہلے ہی لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم نے یہ طے کرلیا ہے کہ ہمیں ٹرانسفارمرز فرینچائز کے اگلے دس سال کا خاکہ تیار کرنا ہے۔ تو دیکھتے رہیے۔ ٹرانسفارمرز فائیو تیاری کے مراحل میں ہے اور اس کے بعد ٹرانسفارمرز سکس، سیون اور ایٹ بھی آئیں گی۔‘
ہیسبرو کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں میں سے ایک اکیوا گولڈزمین ہیں جنھوں نےسنہ 2002 میں A Beautiful Mind پر آسکر کا سکرین پلے ایوارڈ جیتا تھا۔
جیف پنکنر اور اکیوا گولڈزمین آئندہ آنے والی ٹرانسفارمرز فلم کے سکرپٹ رائٹرز ہیں۔
اکیوا گولڈزمین کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک ہی کمرے میں تین ماہ تک نو انتہائی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل رائٹرز کے ساتھ کام کیا جو ایک بہترین تجربہ تھا۔‘
سنہ 2007 میں جب اس سلسلے کی پہلی فلم ریلیز ہوئی تو اُس نے مالی طور پر تیزی سے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے۔
اسی سلسلے کی چوتھی فلم ٹرانسفارمرز ’ایج آف ایکسٹینکشن‘ گذشتہ برس ریلیز ہوئی تھی جس نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مائیکل بے جو اس سلسلے کی تمام فلموں کے ایگزیکٹو پروڈیوسر رہے ہیں وہ اس کی اگلی قسط میں پروڈیوسر کے طور پر کام کریں گے لیکن وہ فلم کی ہدایت کاری نہیں دیں گے۔
ایک اندازے کے مطابق یہ فلم سنہ 2017 میں ریلیز کی جائے گی، جبکہ فلم میں کیڈ ایگر کا کردار ایک بار پھر مارک وال برگ ہی نبھائیں گے۔







