’ٹرانسفارمرز‘ کے پروڈیوسرز پر مقدمے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAP
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایک چینی سیاحتی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ہالی وڈ کی فلم ’ٹرانسفارمرز‘ کے پروڈیوسروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
چونگ چیانگ وولونگ کارسٹ کارسٹ ٹورزم کمپنی لمیٹڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسفارمرز کے پروڈیوسروں نے وعدے کے مطابق ان کی کمپنی کے لوگو کو فلم میں واضح انداز میں نہیں دکھایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ وہ پیرا ماؤنٹ پکچرز اور ان کے ایک چینی شراکت دار کے خلاف کیس کریں گے۔
پیرا ماؤنٹ پکچرز نے فوری طور پر اس بیان میں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
جس چینی کمپنی کے خلاف کیس کیا جا رہا ہے وہ بیجنگ میں قائم 1905 انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی ہے۔ اس نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ چونگ چیانگ وولونگ کارسٹ نے انھیں وقت پر ادائیگی نہیں کی تھی۔
چونگ چیانگ وولونگ کارسٹ نے کہا کہ وہ غیر متعین نقصان کے لیے ان کمپنیوں کے خلاف مقدمہ کرنے والے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’ٹرانسفارمرز: ایج آف اکسٹنشن‘ میں دکھائے جانے والے مناظر کے بارے میں ناظرین کو واضح طور پر معلوم نہیں ہو پایا کہ یہ مناظر چونگ چیانگ وولونگ کے تھے کیونکہ انھیں ہانگ کانگ کے مناظر کے ساتھ ملا دیا گیا تھا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ دوسری سیاحتی کمپنیاں یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ فلم میں دکھائی دینے والی چوٹیاں ان کے سیاحتی مقام ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ مہینے بیجنگ میں جائیداد کا کاروبار کرنے والی ایک کمپنی نے کہا تھا کہ اس نے پیرا ماؤنٹ پکچرز اور ان کے دو چینی شراکت داروں کے خلاف اس لیے مقدمہ دائر کیا تھا کہ اس فلم کے ٹریلر اور پوسٹروں میں وعدے کے مطابق ان کے ہوٹل کی تصاویر نہیں دکھائی گئیں اور وہ ان کے ہوٹل میں فلم کا پریمیئر منعقد کرنے کے وعدے سے بھی مکر گئے۔
اس کے بعد جلد ہی پیرا ماؤنٹ پکچرز اور چینی کاروباری کمپنی نے کہا تھا کہ ان کے درمیان تنازع حل ہو گیا ہے۔







