مزاحیہ فنکار فرید خان انتقال کرگئے

ان کا شمار پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے معماروں میں ہوتا ہے

،تصویر کا ذریعہahmed raza

،تصویر کا کیپشنان کا شمار پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے معماروں میں ہوتا ہے
    • مصنف, احمد رضا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی ٹی وی اور سٹیج کے معروف مزاحیہ اداکار فرید خان طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے۔

فرید خان پچھلے کئی برسوں سے منہ کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کے گھر والوں کے مطابق ان کے پانچ آپریشن ہوچکے تھے۔ مہنگے علاج کی وجہ سے وہ آخری دنوں میں مالی پریشانی کا بھی شکار رہے۔

فرید خان نے اپنے کریئر کا آغاز 60 کی دہائی میں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سے بحیثیت گلوکار اور ڈرامہ آرٹسٹ کیا تھا۔

ان کا شمار پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے معماروں میں ہوتا ہے۔

وہ 40 برسوں سے زیادہ عرصے تک سٹیج اور ٹی وی پر اپنی اداکاری کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔ 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول مزاحیہ پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ سے انھیں ملک گیر شہرت ملی۔ سنہ 1985 میں وہ ففٹی ففٹی کی ٹیم کے ہمراہ امریکہ بھی گئے تھے۔

انھوں نے امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی مقبول تھے۔

فرید خان کا کہنا تھا کہ بمبئی کے شو میں دلیپ کمار نے ان کی کارکردگی کو بہت پسند کیا تھا

،تصویر کا ذریعہahmed raza

،تصویر کا کیپشنفرید خان کا کہنا تھا کہ بمبئی کے شو میں دلیپ کمار نے ان کی کارکردگی کو بہت پسند کیا تھا

اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا تھا کہ سنہ 1978 میں وہ مہدی حسن، نور جہاں اور منی بیگم کے ساتھ انڈیا گئے تھے اور اس وقت ان کے بقول انڈیا میں سٹینڈ اپ کامیڈی کا کوئی خاص معیار نہیں تھا۔

انھوں نے بنگلور اور بمبئی میں سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بمبئی کے شو میں دلیپ کمار نے ان کی کارکردگی کو بہت پسند کیا تھا اور انہیں ناٹی بوائے کا لقب دیا تھا۔

فرید خان کے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

انھیں سنیچر کی شام کراچی کی عیسیٰ نگری کے قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں دفن کیا گیا۔