’نمبر ون بیٹا نہیں بن سکا‘

سلمان خان کی آنے والی نئی فلم بجرنگ بھائی جان عید سے قبل 17 جولائی کو دنیا بھر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی آنے والی نئی فلم بجرنگ بھائی جان عید سے قبل 17 جولائی کو دنیا بھر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی

بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو اس بات کا افسوس ہے کہ وہ فلموں میں تو سپر سٹار بن گئے لیکن نمبر ون بیٹے نہیں بن پائے۔

اپنی ہوم پروڈکشن کی پہلی فلم ’بجرنگي بھائي جان‘ کی پروموشن کے موقع پر دیےگئے ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان نے کچھ ایسی باتیں کہیں جو پہلے کبھی نہیں کہی تھیں۔

سلمان خان نے عدالت میں چل رہے ممبئی کے ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس اور راجستھان میں غیر قانونی شکار کے مقدمات کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ’میں ایک اچھا بیٹا بننے کی پوری کوشش میں لگا ہوا ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ میری وجہ سے میرے خاندان والوں کو بہت تكليفیں اور تشویشات لاحق ہیں۔ اس کی وجہ میرے مقدمات ہیں جس کی وجہ سے میرے ماں باپ بھی وقت سے پہلے بوڑھے ہو چکے ہیں۔‘

انھوں نے کہا ’میرے والدین کو دیکھ کر سمجھ میں آتا ہے کہ وہ میرے حوالے سے بہت فکرمند ہیں۔ میرا پورا خاندان مل کر اس سے لڑ رہا ہے۔ زندگي میں جو بھی ہوگا مستقبل میں ہم اسے اپنانے کے لیے تیار ہیں۔‘

حد سے زیادہ ’پروموشن‘ راس نہیں آتا

بالی وڈ میں اپنی فلم کو ہٹ کرانے کے لیے تقریبا سبھی اداکار پروموشن کرتے ہیں لیکن سلمان کو حد سے زیادہ پروموشن کرنا راس نہیں آتا۔ وہ کہتے ہیں ’جن لوگوں کو فلمیں دیکھنی ہوتی ہیں وہ تھئیٹر میں ہی فلم کے پوسٹزر اور ٹریلرز دیکھ کر طے کر لیتے ہیں کہ یہ فلم ان کو دیکھنی ہیں یا نہیں۔ میرے لیے سنی دیول ایک بڑی مثال ہیں جو اپنے فلمی کیریئر کی بلندی پر تھے تب بھی پروموشن کے لیے اپنے گھر سے باہر نہیں نکلتے تھے لیکن پھر بھی ان کی فلمیں خوب چلتی تھیں۔‘

بالی وڈ کی فلمیں دل چھوتي ہیں

بالی وڈ کے کئی فنکار ہالی وڈ کی فلمیں کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں تو کیا سلمان بھی کچھ ایسا ہی چاہتے ہیں؟

میرے والدین کو دیکھ کر سمجھ میں آتا ہے کہ وہ میرے حوالے سے بہت فکرمند ہیں: سلمان خان

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنمیرے والدین کو دیکھ کر سمجھ میں آتا ہے کہ وہ میرے حوالے سے بہت فکرمند ہیں: سلمان خان

اس سوال کے جواب میں سلمان خان کہتے ہیں ’ہمارے پاس جو دل ہے وہ ان کے پاس نہیں ہے۔ ہم اموشنز سے بھری فلمیں بناتے ہیں جس کی وجہ سے ہماری کہانیاں دل کو چھوتی ہیں لیکن ان کا طریقۂ کار مختلف ہے۔ وہ ’کنگ کانگ‘، ’سپائیڈر مین‘ اور ’آئرن مین‘ جیسی فلمیں بناتے ہیں۔ ان کو سپر ہیرو چاہئیں لیکن ہمیں سپر ہیروز کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارے لیے ہمارے ہیرو ہی سپر ہیرو ہیں۔‘

انگریزی بول کر اپنامذاق کیوں بنواؤں

سلمان خان کہتے ہیں ’یہ محبت اور احترام ہی ہے جو ہمیں ہمارے مداحوں سے ملتا ہے اور اس کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہندی بولنے کی ایسی عادت ہوگئی ہے کہ کیمرے کے سامنے انگلش بول کر اپنا مذاق کیوں بناؤں‘؟

اپنی ایک فلم ’میری گولڈ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ یہ فلم بالکل بھی نہیں چلی تھی پھر انگریزی فلم میں کام کرنے کا فائدہ کیا جو چلنے والی ہی نہیں۔