چیچن رہنما ایکشن فلم کے مرکزی کردار

رمضان قادروف نے اپنے فالورز کو بتایا کہ فلم کے کچھ مناظر کو فلم بند کیا جا چکا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنرمضان قادروف نے اپنے فالورز کو بتایا کہ فلم کے کچھ مناظر کو فلم بند کیا جا چکا ہے

روس کے زیرانتظام ریاست چیچنیا کے ایک رہنما نے دعویٰ کیا ہے وہ ایک فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

رمضان قادروف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ فلم سازوں کے ساتھ ’طویل مذاکرات‘ کے بعد وہ ایک ایکشن تھرلر فلم ’ہو ایور ڈِڈ ناٹ انڈرسٹینڈ وِل انڈرسٹینڈ‘ میں کام کر رہے ہیں۔

انھوں نے اپنے فالورز کو بتایا کہ فلم کے کچھ مناظر کو فلم بند کیا جا چکا ہے اور یہ فلم ’ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار اور عالمی سطح پر مشہور اداکار‘ بنا رہے ہیں۔

رمضان قادروف نے فلم کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ مصنفین کے خیال میں یہ ایک کامیاب فلم ثابت ہو گی۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ رمضان قادروف نے فلمی ستاروں کے بارے میں کوئی بات کی ہے۔ سنہ 2013 میں انھوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دارالحکومت گروزنی میں ایلزبیتھ ہرلے اور جیرارڈ ڈیپرڈیو کی تصویر پوسٹ کی تھی، اور اس سے دو سال پہلے انھوں نے چیچنیا میں عالمی ستاروں کی ٹیم میں ڈیگو میراڈونا کے ساتھ فٹ بال میچ بھی کھیلا تھا۔

یہ اعلان سابق جلاطن آئل ٹائکون میخائل خودورکوسکی کے اوپن رشیا پروجیکٹ کی رمضان قادروف کے اقتدار اور ان کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ تعلقات پر مشتمل 26 منٹ کی دستاویزی فلم ’فیملی‘ کی ریلیز کے دن کیا گیا ہے۔

سنہ 2011 میں رمضان قادروف کی فلم ساز و اداکار جیرارڈ ڈیپرڈیو کے ساتھ گروزنی میں لی گئی تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسنہ 2011 میں رمضان قادروف کی فلم ساز و اداکار جیرارڈ ڈیپرڈیو کے ساتھ گروزنی میں لی گئی تصویر

ماسکو ٹائمز کے مطابق اس فلم میں مبینہ طور پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بیان کی گئی ہیں اور صدر پوتن کا قاروف کو ’بیٹا‘ کہنے اور قادروف کی جانب سے روسی صدر کو اتحاد کرنے کی درخواست کے مناظر بھی شامل ہیں۔ اخبار کے مطابق فلم میں خودورکوسکی قادروف کے بارے میں کہتے ہیں کہ ’اس شخص نے چیچنیا کو اپنی جاگیر میں تبدیل کر دیا ہے۔‘

رمضان قادروف کے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کو شمالی قفقاز کے باغیوں کی ویب سائٹ پر خوش آئند کہا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر دیے گئے پیغام میں لکھا ہے: ’ایسا دکھائی دیتا ہے کہ قادروف نے بھارتی ایکشن فلموں کے ہیروؤں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قادروف وڈ جلد ہی بالی وڈ کی جگہ لے لیں گے۔‘