گروزنی: مسلح افراد عمارت میں داخل، پانچ پولیس اہلکار ہلاک

سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مسلح افراد اسی عمارت میں موجود ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مسلح افراد اسی عمارت میں موجود ہیں

روس کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی میں شدت پسندوں نے تین ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

چیچنیا کے رہنما رمضان قدیروف کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار اس وقت ہلاک کیے گئے جب انھوں نے گاڑیوں میں سوار مسلح افراد کو روکنے کی کوشش کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد بعد میں مقامی میڈیا کی عمارت میں داخل ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور مسلح افراد اسی عمارت میں موجود ہیں۔

گروزنی سے آنے والی تصاویر میں عمارت کے قریب سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کا عمارت میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ کی آوازیں آئیں۔

گروزنی رمضان قدیروف کی قیادت میں خاصا پر امن رہا ہے، البتہ اکتوبر میں گروزنی میں ایک خودکش حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔