شاہ رخ خان کا کن سوالات سے پرہیز ہے؟

شاہ رخ خان بالی وڈ کے بہت حاضر جواب شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان بالی وڈ کے بہت حاضر جواب شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان جن سوالات سے بچنا چاہتے ہیں ان کی فہرست خاصی طویل ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا ٹوئیٹر پر اپنے مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے ایک سوال کے جواب میں ناپسندیدہ سوالات کی ایک مختصر سی فہرست جاری کردی۔

ٹوئیٹر پر ہیش ٹیگ AskSRK# کے تحت شاہ رخ خان اپنے مداحوں کے روبرو ہوئے۔

’کریزی می‘ ٹوئٹر ہینڈل سے کسی نے ان سے پوچھا کہ ’لوگوں سے آپ کو کیا سوالات کرنے بند کردینے چاہیں‘ تو انھوں نے پسندیدہ ہیروئن کے علاوہ سلمان خان سے متعلق سوالات کا ذکر کیا۔

یہ ایسے سوالات ہیں جو ان سے بہت زیادہ کیے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنیہ ایسے سوالات ہیں جو ان سے بہت زیادہ کیے جاتے ہیں

شاہ رخ نے لکھا: ’پسندیدہ رنگ، پسندیدہ کھانا، سلمان کے ساتھ رشتہ، آمدنی کا مقابلہ، پسندیدہ اداکارہ، فلم کی ریلیز کی تاريخ، آپ اداس کیوں نظر آ رہے ہیں، تھکے ہوئے کیوں لگتے ہیں۔۔۔ وغیرہ وغیر۔‘

خیال رہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان سنہ 2008 میں قطرینہ کیف کی یوم پیدائش کی ایک پارٹی سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے سے اجتناب کرتے رہے تاہم بابا صدیقی کی افطار پارٹی میں دونوں کی ملاقات کے بعد سے ان کے رشتوں میں قدرے نرمی آئی ہے۔

بالی وڈ میں کس کی فلم کی کمائی کیا رہی اس بارے میں موازنہ عام ہے جبکہ شاہ رخ اور اداکارہ کاجول کی جوڑی پر بھی بہت گفتگو رہتی ہے۔

کسی نے ان سے دریافت کیا کہ انھیں ’عامر خان اور سلمان کے بعد تیسرے نمبر پر آنے پر کیسا محسوس ہوتا ہے؟‘

فلم کی کمائی کے موازنے کا بھی چلن عام ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنفلم کی کمائی کے موازنے کا بھی چلن عام ہے

اس کے جواب میں شاہ رخ نے اپنے انداز میں لکھا: ’در اصل میں اخیر میں آتا ہوں۔ میں بیک بنچر ہوں اس لیے میں بہت مزے کرتا ہوں۔۔۔‘

ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ کس ہالی وڈ فنکار کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے تو انھوں نے جواب دیا کہ ’اپنے دوست ہو جیک مین کے ساتھ۔‘

بہت سے مداح اپنے سوالوں کے جواب پاکے خوشی سے جھوم اٹھے تو کئی جواب نہ ملنے پر مایوس نظر آئے۔

شاہ رخ خان نے اس بات کو بھی ٹوئیٹ کیا کہ ان کا چیٹ دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے اور 49 ہزار لوگوں نے AskSRK# کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کیا ہے۔

شاہ رخ اور اداکارہ کاجول کی جوڑی پر بھی بہت گفتگو رہتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ اور اداکارہ کاجول کی جوڑی پر بھی بہت گفتگو رہتی ہے