’دبنگ مٹن، چکن تسی گریٹ ہو‘

،تصویر کا ذریعہArbaaz Khan
بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو ’دبنگ خان ‘ یوں ہی نہیں کہتے ہیں۔ ان کے مداحوں کو ان سے پاگل پن کی حد تک پیار ہے۔
اپنے فیوریٹ خان کے لیے کچھ بھی کر دینے کو تیار رہنے والے ان کے مداحوں نے اس بار سلمان خان سے اپنا پیار جتانے کے لیے ممبئی کے باندرا علاقے میں ایک ریستوران کھولا ہے جس کا عنوان اور کچھ نہیں خود سلمان خان ہیں۔
سلمان خان کے ان دیوانوں کو ریستوران کا نام ان کی آنےوالی فلم ’بجرنگي بھائی جان‘ سے ذہن میں آیا اور اسی سے متاثر ہو کر ’بھائی جان‘ نام کا یہ ریستوراں انھوں نے کھولا ہے۔
اس ریستوران میں ملنے والے تمام کھانوں کے نام بھی سلمان خان کی فلموں کے نام پر رکھے گئے ہیں۔ جیسے دبنگ چکن، دبنگ -2 سے دبنگ مٹن، چلبل چاول، انڈے اپنے اپنے، چکن تسي گریٹ ہو اور ایسے ہی کئی دیگر کھانے آپ کو یہاں ملیں گے جو آپ کو سلمان خان کی فلموں کی یاد دلائیں گے۔
اس ریستوران کی دیوار پر ان کی فلم کے ڈائیلاگ جیسے ’ایک بار جو میں نے كمٹمنٹ کر دی اس کے بعد تو میں خود کی بھی نہیں سنتا،‘ ’دوستی کا ایک اصول ہے میڈم‘، ’نو ساری نو تھینكيو‘ لکھے ہوئے ہیں۔
یہاں سلمان خان کی فلموں کی تصاویر لگیں ہیں جن پر ان کی فلموں کی ریلیز کی تاریخ بھی درج ہے، لیکن خاص بات یہ ہے کہ ان تصاویر کے ساتھ ہی لگے ہیں دس روپے کے نوٹ جن کا سیکوینس نمبر وہی ہے جو فلم ریلیز کی تاریخ ہے۔
ریستوراں کے مالک راہل کنال نے بتایا کہ انھوں نے اپنے تین دوستوں کے ساتھ مل کر اس ریستوران کو کھولنے کے بارے میں سوچا اور اس کام کو انجام دیا۔
ان کے ایک اور پارٹنر تبریز شیخ بتاتے ہیں ’میں اور میرے ساتھی باندرا میں ہی رہتے ہیں اور ہم اسی سکول سے پڑھے ہیں، جہاں سے ہمارے بھائی جان سلمان خان نے پڑھائی کی ہے اس سکول کا نام ہے سینٹ سٹینسلاس ہائی سکول۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ کہتے ہیں ’اس ریستوران میں ایک بالكني بھی بنائی ہے جو ہو بہو سلمان خان کی رہائش 'گیلیکسی اپارٹمنٹ' سے ملتی جلتی ہے۔‘
شیخ کے مطابق ’اس بالكني میں بریسلیٹ سے سجا ہوا ایک ٹیبل ہے، جو ان کے ہی بریسلیٹ سے ملتا جلتا ہے۔‘
اس ریستوران کو دیکھنے اور یہاں کا خانہ چکھنے کے لیے سلمان خان کے مداح ممبئی سے ہی نہیں بلکہ آسام، دہلی، پنجاب اور تو اور دبئی سے آ رہے ہیں۔
’بھائی جان‘ میں کام کر رہے تمام ملازمین کو اب خود سلمان خان کے آنے کا انتظار ہے۔
انھوں نے ریستوران پر سلمان خان کی بڑی پینٹنگ بنوائی ہوئی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ سلمان خان یہاں آئیں اور یہاں کے کھانے کا لطف اٹھانے کے بعد اس پینٹنگ پر اپنا آٹوگراف دیں۔







