ریئلیٹی شو کے دوران ہیلی کاپٹروں کی ٹکر، دس ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
فرانسیسی حکام نے ارجنٹائن میں ایک ٹی وی ریئلیٹی شو کی شوٹنگ کے دوران ہیلی کاپٹروں کے تصادم میں اپنے آٹھ شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
منگل کو ارجنٹائن کے شمال مغرب میں لا ريوخا صوبے میں پیش آنے والے اس حادثے میں کل دس افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں آٹھ فرانس اور دو ارجنٹائن کے شہری تھے۔
ہلاک شدگان میں فرانس کے تین مشہور کھلاڑی کشتی ران فلورینس سارٹو، تیراک کمِیل مف اور باکسر الیكسس ویسٹن بھی شامل ہیں جبکہ بقیہ پانچ افراد کا تعلق ایک ٹی وی کمپنی سے تھا۔
آپس میں ٹکرانے والے دونوں ہیلی کاپٹر فرانسیسی چینل ٹی ایف 1 پر نشر ہونے والے پروگرام ’ڈراپڈ‘ کے لیے شوٹنگ میں حصہ لے رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس پروگرام میں مشہور شخصیات کو دشوار گزار علاقوں میں لے جا کر چھوڑ دیا جاتا ہے جہاں وہ خوراک اور جائے پناہ کی تلاش کرتے ہیں۔
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق جس وقت حادثہ ہوا تو شو میں حصہ لینے والے باقی افراد آنکھوں پر پٹیاں باندھے زمین پر کھڑے تھے۔
ہلاک ہونے والے فرانسیسی کھلاڑیوں میں سے کمیل مف نے 2012 میں لندن اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیتے تھے جبکہ باکسر الیکسس نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔



