برلن: جعفر پناہی کی’ٹیکسی‘ کے لیےگولڈن بیئر

،تصویر کا ذریعہAFP
ایرانی ہدایت کار جعفر پناہی کی فلم نے برلن کے فلمی میلے میں سب سے بڑا اعزاز گولڈن بیئر جیت لیا ہے۔
یہ اعزاز ان کی فلم ’ٹیکسی‘ کو ملا ہے۔ واضح رہے کہ جعفر کی یہ تیسری فلم ہے جس پر ایران میں سنہ 2010 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔
پناہی اس ایوارڈ کو لینے کے لیے برلن نہیں آ سکے تھے لیکن ان کی بھتیجی حنا سعیدی نے اس ایوارڈ کو پرنم آنکھوں کے ساتھ قبول کیا۔
سعیدی نے اس فلم میں اداکاری بھی کی ہے۔ ایوارڈ لیتے ہوئے انھوں نے کہا: ’میں جذبات سے اس قدر مغلوب ہوں کہ میں کچھ کہنے کے قابل نہیں۔‘
فلم ’ٹیکسی‘ میں جعفر پناہی نے ہم عصر تہران پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ وہ پیلی ٹیکسی چلاتے ہیں اور ایرانی حکام سے بچنے کے لیے ایک ڈیش بورڈ کیمرہ استعمال کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہ
یہ ان 19 فلموں میں سے ایک تھی جو گولڈن بیئر ایوارڈ کے لیے مقابلے میں تھی۔
برلن کی جیوری کی سربراہی امریکی ڈائریکٹر ڈیرن ارونوفسکی نے کی۔ انھوں نے کہا: ’حدیں اور پابندیاں اکثرو بیشتر فلمسازوں اور کہانی کاروں کو بہتر فن کاری کا مظاہرہ کرنے کی تحریک دیتی ہیں لیکن بعض اوقات پابندیاں اس قدر گھٹن بھری ہوتی ہیں کہ پورے پروجیکٹ کو برباد اور فنکار کی روح کو مجروح کر دیتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمت ہار دینے اور جوش کو کچل دینے کے بجائے اور غصے اور مایوسی کا شکار ہوجانے کے بجائے جعفر پناہی نے سینیما کے نام ایک محبت نامہ تخلیق کیا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا: ’ان کی فلم اپنے فن، اپنی برادری، اپنے ملک اور اپنے ناظرین کی محبت سے سرشار ہے۔‘
دوسری فلمیں جو اس مقابلے میں شامل تھیں ان میں وارنر ہرزوگ کی ’کوئن آف ڈیزرٹ‘ بھی تھی جس میں نکول کڈمین نے گرٹریوڈ بیل اور رابرٹ پیٹنسن نے ٹی ای لارنس کا کردار ادا کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہNA







