برلن: ایرانی فلم کے لیے’گولڈن بیئر‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ایرانی فلم ’نادر اور سمن: علیحدگی‘ کو برلن فلمی میلے کی بہترین فلم قرار دیتے ہوئے’گولڈن بیئر‘ اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ہدایتکار و فلمساز اصغر فرہادی کی یہ فلم ایک مشکلات کا شکار شادی کی کہانی ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ فرہادی کو برلن فلمی میلے میں کوئی اعزاز دیا گیا ہے۔ اس سے قبل دو برس پہلے وہ اپنی فلم اباؤن ایلی کے لیے بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ تاہم اس مرتبہ بہترین ہدایتکار کا اعزاز جرمنی کے الرچ کوہلر نے جیتا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اصغر فرہادی نے کہا کہ ’میں نے نہیں سوچا تھا کہ میں یہ انعام جیت سکوں گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کامیابی سے ’بہت اچھا موقع ملا ہے کہ لوگ میرے ملک کے بارے میں سوچیں، وہ ملک جہاں میں پلا بڑھا اور جہاں میں نے اپنی کہانیاں بنائیں اور جہاں کے لوگ شاندار ہیں‘۔
انہوں نے اپنی تقریر میں ایرانی ہدایتکار اور فلمساز جعفر پناہی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ پناہی کو ایرانی حکومت نے حکومت مخالف اقدامات پر قید کیا ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ برلن فلمی میلے کی جیوری میں شامل نہیں ہو سکے۔
فلم ’نادر اور سمن: علیحدگی‘ میں مرکزی کردار لیلٰی حتامی اور پیمان معادی نے ادا کیے ہیں اور ان دونوں کو اسی فلم کے لیے برلن میلے میں بہترین اداکار اور اداکارہ منتخب کیا گیا۔
رواں سال برلن فلمی میلے کی جیوری کی سربراہ اداکارہ اور فلمساز ایزابیلا روسیلینی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







