برلن:چینی فلم کے لیے ’گولڈن بیئر‘ ایوارڈ

چینی فلم ’بائی ری یان ہو‘ (سیاہ کوئلہ، پتلی برف) نے برلن میں منعقدہ عالمی فلمی میلے میں بہترین فلم کا ’گولڈن بیئر‘ ایوارڈ جیت لیا ہے۔
64ویں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں چینی اداکار لیاؤ فین کو اسی فلم کے لیے بہترین اداکار جبکہ جاپانی فلم چیسائی آؤچی میں اداکاری کے لیے ہارو کوروکی کو بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔
ان ایوارڈز کا فیصلہ آٹھ رکنی جیوری نے کیا جس کے سربراہ اس سال امریکی ہدایت کار اور فلم ساز جیمز شیمس تھے۔.
’بائی ری یان ہو‘ ایک فربہ پولیس اہلکار کی کہانی ہے جو کہ ایک قاتل کی تلاش میں ہے۔
فلم کے ہدایت کار ڈیاؤ ینان نے اس موقع پر کہا کہ ’یہ یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ میرا خواب سچ ثابت ہوگیا ہے۔‘
سنیچر کو میلے کے اختتام پر ویس اینڈرسن کی فلم گرینڈ بوڈاپسٹ ہوٹل کو ’سلور بیئر گرینڈ جیوری پرائز‘ دیا گیا جبکہ شائقین کی پسندیدہ فلم کا ایوارڈ ایک دلہن کے اغوا کی کہانی بیان کرنے والی ایتھیوپیا کی فلم ’ڈفریٹ‘ کو دیا گیا۔
برلن فلم فیسٹیول کا شمار دنیا کے قدیم اور بڑے فلمی میلوں میں ہوتا ہے تاہم اس سال ناقدین نے میلے میں شریک فلموں کے معیار پر نکتہ چینی کی تھی۔
11 دن تک جاری رہنے والے فلمی میلے میں 400 کے قریب فلموں کی نمائش کی گئی جن میں سے 23 انعام کے لیے مقابلے میں شامل ہوئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جمعہ کو فلمی میلے میں برطانوی ہدایت کار کین لوچ کو فلمی دنیا میں ان کی خدمات پر اعزازی گولڈن بیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔







