پنچولی کی کہانی میں کنگنا کا ذکر اور فرح کا نیا ٹیلنٹ

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

سنی لیون اینڈ ون نائٹ سٹینڈ

سنی لیون بالی وڈ میں بولڈ مناظر کے لیے جانی جاتی ہیں

،تصویر کا ذریعہSUNNY LEONE PAGE

،تصویر کا کیپشنسنی لیون بالی وڈ میں بولڈ مناظر کے لیے جانی جاتی ہیں

’سنی لیون اور ون نائٹ سٹینڈ‘ یہ جملہ لوگوں میں بے چینی اور تجسس پیدا کرنے کے لیے کافی ہے۔

دراصل بات کچھ اور ہے۔

ماجرا یہ ہے کہ نئی ڈائریکٹر جیسمین ڈیسوزا سنی لیون کے ساتھ ایک فلم بنا رہی ہیں جو ابھی شروع نہیں ہوئی لیکن فلم کے نام اور سنی لیون کی وجہ سے فلم پہلے ہی سے خبروں میں آ چکی ہے۔

کیا بات ہے جیسمین! تیر نشانے پر لگا ہے۔ آم کے آم اور گٹھلیوں کے دام۔

جیسمین انڈسٹری میں نئی ہیں لیکن لگتا ہے کہ اچھے اچھوں کے چھکے چھڑا دیں گی۔

فرح خان کا نیا ٹیلنٹ

فرح کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ 2014 کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک تھی

،تصویر کا ذریعہcolors

،تصویر کا کیپشنفرح کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ 2014 کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک تھی

کچھ لوگوں میں ٹیلنٹ کی بھر مار ہوتی ہے اب فرح خان کو ہی لے لیجیے کوریو گرافی سے ڈائریکشن، ڈائریکشن سے ریئلٹی شوز اور اب وہ کیا کرنے والی ہیں اس کا آپ کچھ اندازہ لگا سکتے ہیں۔

خبر ہے کہ اب فرح خان ایک ککری شو کرنے والی ہیں۔

اس شو کی تفصیلات تو ابھی منظر عام پر نہیں آ سکی ہیں البتہ اتنا پتہ چلا ہے کہ یہ شو فروری کے اواخر میں آنے والا ہے۔

مطلب یہ کہ اب فرح ایک نئے ٹیلنٹ کا مظاہر کرنے والی ہیں، وہ بھی کھانا پکا کر۔

فرح کا کہنا ہے کہ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے بعد اب انھوں نے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ وہ اپنے بچوں پر دھیان دے سکیں۔

پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست۔۔۔

آدتیہ کی سوانح عمری اور کنگنا

آدتیہ پچولي اپنی سوانح عمری میں اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کا بھی ذکر کریں گے

،تصویر کا ذریعہBBC AND AFP

،تصویر کا کیپشنآدتیہ پچولي اپنی سوانح عمری میں اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کا بھی ذکر کریں گے

بالی وڈ میں اکثر سینیئر لوگوں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملتا ہے۔

اب اداکار آدتیہ پنچولی اس زمرے میں تو آتے نہیں تو انھوں نے سوچا کہ کیوں نہ اپنی سوانح عمری ہی لکھ ڈالیں۔

ڈی این اے میں شائع خبروں کے مطابق، آدتیہ پنچولي اس کتاب میں اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کا بھی ذکر کریں گے۔

دوسرے لفظوں میں اپنی سوانح عمری کو چٹپٹا بنانے کی کوشش کریں گے۔

خبر کے مطابق جب کنگنا بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی تھیں تب آدتیہ پنچولي کے ساتھ ان کی دوستی تھی۔

جس کی وجہ سے مبینہ طور پر آدتیہ اور ان کی بیوی زرينہ وہاب کے درمیان اختلافات بھی ہو گئے تھے۔

کچھ دنوں پہلے ایک پریس کانفرنس کے دوران جب کنگنا سے آدتیہ پنچولي کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا تھا، ’ہم دونوں کے درمیان اب کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے تھے۔ میں ان سے کافی باتیں بھی کیا کرتی تھی، لیکن اب ایسا کچھ نہیں ہے۔‘

کنگنا کچھ تو ہوگا جس پر سے آدتیہ پردہ اٹھانے والے ہیں سو آپ تیار رہیں۔