میڈونا سمیت کئی پوپ سٹارز کے کمپیوٹر ہیک کرنے والا گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
ایک اسرائیلی شخص کو میڈونا سمیت کئی پوپ سٹارز کے کمپیوٹر ہیک کر کے ان میں سے نئے گانے چوری کر کے بیچنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اسرائیلی کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کو کئی پوپ سٹارز کا کام چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک نجی تفتیش کار نے جو اس کیس کی تحقیقات میں شامل تھا تصدیق کی ہے کہ میڈونا کا کمپیوٹر بھی ہیک کیا گیا۔
میڈونا نے اپنے فیس بک پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ ان لوگوں کی نہایت شکر گزار ہیں جنھوں نے اس ہیکر کو گرفتار کیا ہے۔
’میں ان مداحوں کی شکر گزار ہوں جنھوں نے میرے گانے چوری کر کے ریلیز کرنے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔‘
میڈونا کو پچھلے ہفتے اس وقت جلد بازی میں ’ریبل ہارٹس‘ (Rebel Hearts) نامی البم اس وقت ویلیز کرنی پڑی جب اس البم میں شامل کئی گانے آن لائن پر اپ لوڈ کیے گئے۔
ان گانوں میں غیر مکمل شدہ گانے بھی شامل تھے۔
میڈونا کے مینیجر کا کہنا ہے کہ یہ البم دسمبر میں لانچ کی گئی جبکہ اس کی ریلیز کی منصوبہ بندی کئی ماہ بعد کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیل کی نجی تفتیشی کمپنی کے اہلکار اشر وزمین نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ میڈونا کی ٹیم نے ان سے کئی ہفتے قبل رابطہ کیا۔
’تفتیش کے دوران ہمیں معلوم چلا کہ میڈونا کے مکان اور سٹوڈیو میں موجود کمپیوٹر کو اسرائیل سے کسی شخص نے ہیک کیا ہے۔ ہم نے اس شخص کا سراغ لگایا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی جس نے ہیکر کو گرفتار کر لیا۔‘
پولیس نے اس ہیکر کے نام کا اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ 39 سالہ شخص اسرائیل کے ٹیلنٹ شو میں بھی حصہ لے چکا ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ بیئرک کو بھی اپنی نئی البم طے شدہ تاریخ سے دو ماہ قبل ہی لانچ کرنی پڑی جب اس البم کو لیک کر دیا گیا۔







