میڈونا کا تیسری فلم بنانے کا ارادہ

میڈونا کے ساتھ اس فلم کو بروس کوہن اور ربیکا واکر پروڈیوس کریں گے

،تصویر کا ذریعہMario Anzuoni Reuters

،تصویر کا کیپشنمیڈونا کے ساتھ اس فلم کو بروس کوہن اور ربیکا واکر پروڈیوس کریں گے

شہرۂ آفاق پاپ گلوکارہ میڈونا اپنی تیسری فلم کی ہدایات دینے کی تیاری کر رہی ہیں جو مصنفہ رِبیکا واکر کے پہلے ناول ’ایدے: اے لو سٹوری‘ کی کہانی پر مبنی ہو گی۔

اس ناول میں ایک امریکی طالب علم کی کہانی بیان کی گئی ہے جو کینیا کے ساحل کے قریب ایک خوبصورت جزیرے پر ایک نوجوان سواحیلی مسلمان کی محبت میں گرفتار ہو جاتی ہے۔ بعد میں ان دونوں کا یہ تعلق ثقافتوں اور روایات کی پیچیدگیوں میں الجھ کر رہ جاتا ہے۔

ربیکا واکر اس فلم کی شریک پروڈیوسر ہوں گی جو مشہور مصنفہ ایلس کی بیٹی ہیں جنہوں نے مشہورِ زمانہ ناول ’دی کلر پرپل‘ تصنیف کیا تھا۔

میڈونا نے گذشتہ سال اس کتاب کو ایک زبردست سفر قرار دیا تھا۔

اکتوبر میں اس کتاب کی اشاعت کے بعد میڈونا نے اس کتاب کے سرِورق کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا کہ ’یہ کتاب پڑھیں جو ایک زبردست سفر ہے، ایک خوبصورت محبت کی کہانی ہے۔‘

اس فلم کو پروڈیوس کرنے والوں میں بروس کوہن بھی شامل ہیں جو ’سلور لائننگ پلے بک‘ اور ’امیریکن بیوٹی‘ کے پروڈیوسر رہ چکے ہیں۔

میڈونا اس سے قبل دو فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنمیڈونا اس سے قبل دو فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں

ہالی وڈ رپورٹر کے مطابق میڈونا اور ان کے پروڈیوسر اب ایک سکرین رائٹر کی تلاش میں ہیں جو اس کتاب کی بنیاد پر سکرپٹ لکھ کر دے سکے۔

میڈونا کی بطور ہدایت کار آخری فلم ’وی‘ برطانیہ کے بادشاہ ایڈورڈ ہشتم اور امریکی خاتون والس سمپسن کے درمیان معاشقے پر مبنی تھی جو برطانیہ میں 2011 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔

ہالی وڈ رپورٹر کے مطابق اس فلم نے امریکہ میں چھ لاکھ ڈالر کے لگ بھگ کمائی کی تاہم برطانیہ میں یہ فلم پہلی دس فلموں میں آنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

میڈونا نے بطورِ ہدایت کار پہلی فلم کی ہدایات 2008 میں دی تھیں جس کا نام ’فلتھ اینڈ وزڈم‘ تھا۔

اپنی آخری فلم کے بعد میڈونا نے اپنی موسیقی پر توجہ دی جس کے دوران ایک نمبر ون البم MDNA کی ریلیز اور ایک بڑا ورلڈ ٹور شامل تھا اور انہیں 2013 میں فوربز جریدے نے انہیں سب سے زیادہ آمدنی والی مشہور شخصیت قرار دیا تھا۔

55 سالہ میڈونا نے 1999 کے بعد پہلی بار اس قدر آمدن حاصل کی جس کا اندازہ ساڑھے 12 کروڑ ڈالر تھا۔