متعصبانہ لفظ کے استعمال پر میڈونا کی معافی

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا نے اپنے بیٹے کے لیے سیاہ فام افراد کے لیے مخصوص معتصبانہ لفظ استعمال کرنے پر معافی مانگی ہے۔
میڈونا نے جمعے کی رات اپنے 13 سالہ بیٹے روکو رچی کی باکسنگ کرتے ہوئے تصویر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی، اور متعصبانہ لفظ ہیش ٹیگ کے ساتھ لگا دیا۔
انھوں نے ہفتے کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا: ’اگر میں نے ’این کا لفظ‘ استعمال کر کے کسی کے جذبات مجروح کیے ہوں تو مجھے اس پر افسوس ہے۔
’میرا مطلب نسلی تعصب پر مبنی گالی دینا نہیں تھا۔ میں نسل پرست نہیں ہوں، (تاہم) اس لفظ کے استعمال کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔‘
جب میڈونا نے "#disnigga پیغام انسٹاگرام پر نشر کیا تو ان کے 11 لاکھ مداحوں میں سے کچھ نے اس پر اعتراض کیا، جس کے بعد اسے فوراً حذف کر دیا گیا۔
اس کے بعد انھوں نے اس تصویر کے ساتھ ایک اور پیغام اپ لوڈ کیا جس میں لکھا تھا: ’چلو، میں اسے دوبارہ کرتی ہوں۔‘
تاہم ہفتے کو انھوں نے تمام پیغام ہی حذف کر دیا، اور اس کے بجائے اپنے تشہیری معاون کی وساطت سے ایک اور پیغام نشر کیا جس میں لکھا تھا: ’مجھے معاف کر دیں۔‘
انھوں نے کہا: ’سب کچھ نیت پر مبنی ہے۔ میں نے اپنے بیٹے کے لیے پیار سے یہ لفظ استعمال کیا تھا، جو سفید فام ہے۔ مجھے احساس ہے کہ یہ لفظ اشتعال انگیز ہے اور اگر اس سے لوگوں کو غلط تاثر ملا ہو تو میں معذرت کرتی ہوں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل نئے سال کے آغاز پر میڈونا نے اپنے بیٹے کی تصویر لگائی تھی جس میں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ شراب کی بوتل کے ساتھ کھڑا ہوا تھا۔ اس تصویر پر بھی تنازع اٹھ کھڑا ہوا تھا۔







