بل کازبی کے خلاف جنسی حملے کا مقدمہ

کازبی کے وکیل کی طرف سے جنسی حملے کے الزام پر اب تک کوئی بیان نہیں آیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکازبی کے وکیل کی طرف سے جنسی حملے کے الزام پر اب تک کوئی بیان نہیں آیا

مشہور امریکی مزاحیہ فنکار بل کازبی کے خلاف ایک خاتون نے جنسی حملے کا مقدمہ درج کروایا ہے جس میں انھوں نے الزام لگایا ہے کہ کازبی نے ان پر تب جنسی حملہ کیا تھا جب ان کی عمر صرف 15 برس تھی۔

جوڈی ہوتھ نے مقدمے میں الزام لگایا ہے کہ بل کازبی نے سنہ 1974 میں امریکی ریاست لاس اینجلس کے ’پلے بوائے مینشن‘ میں ان پر جنسی حملہ کیا تھا اور انھیں کہا تھا کہ وہ اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بولیں۔

کازبی کے وکیل کی طرف سے جنسی حملے کے الزام پر اب تک کوئی بیان نہیں آیا۔

77 سالہ کازبی کو حال ہی میں ایک درجن سے زیادہ خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں ان کا کہنا ہے کہ کازبی نے انھیں منشیات دے کر ان پر جنسی تشدد کیا تھا۔

ان الزامات کے تحت بل کازبی پر اب تک کوئی فرد جرم نہیں عائد کی گئی، اور ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان الزامات کا مقصد انھیں ’بدنام‘ اور ’رسوا‘ کرنا ہے۔

این بی سی اور نیٹ فلکس جیسے کئی نشریاتی اداروں نے بل کازبی کے ساتھ مجوزہ منصوبے ملتوی کر دیے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناین بی سی اور نیٹ فلکس جیسے کئی نشریاتی اداروں نے بل کازبی کے ساتھ مجوزہ منصوبے ملتوی کر دیے ہیں

جوڈی کے مقدمے میں انھوں نے بیان دیا ہے کہ جب وہ 15 برس کی تھیں تو وہ اور ان کی ایک 16 سالہ دوست بل کازبی کو ایک فلم کے سیٹ پر ملی تھیں اور کازبی نے دونوں کو اپنے ٹینس کلب پر بلایا جہاں انھیں شراب دے کر پلے بوائے مینشن لے کر جایا گیا۔

جوڈی کا کہنا ہے کہ وہاں جا کر انھیں اپنی مرضی کے خلاف جنسی افعال کرنے پر مجبور کیا گیا۔ ان کے مقدمے میں درج ہے کہ دونوں لڑکیوں کو کہا گیا تھا کہ اگر ان سے ان کی عمریں پوچھی گئیں تو انھیں اپنی عمریں 19 سال بتانی ہے۔

مقدمے میں یہ بھی درج ہے کہ اس واقعے سے جوڈی کو ’نفسیاتی دباؤ اور ذہنی اذیت‘ سے گزرنا پڑا تھا۔ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ جوڈی نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کی کتنی تلافی مانگی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جوڈی کے مقدمے میں ان کا دعویٰ ہے کہ بل کازبی نے ان پر تب جنسی حملہ کیا تھا جب وہ قانونی طور پر نابالغ تھیں۔

سنہ 2005 میں ایک خاتون نے بل کازبی پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے منشیات دے کر انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس خاتون نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا تھا لیکن کیس کا عدالت سے باہر ہی تصفیہ کر لیا گیا تھا۔

این بی سی اور نیٹ فلکس جیسے کئی نشریاتی اداروں نے بل کازبی کے ساتھ مجوزہ منصوبے ملتوی کر دیے ہیں۔