’انگور‘ کے بہادر دیوین ورما انتقال کر گئے

،تصویر کا ذریعہGULZAR
بالی وڈ کے معروف کامیڈین دیوین ورما مہاراشٹر کے شہر پونے میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ وہ 77 برس کے تھے۔
انھوں نے ہندی کے علاوہ مراٹھی اور بھوجپوری فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
شیکسپیئر کے ڈرامے ’کامیڈ ی آف ایررز‘ پر بننے والی ہندی فلم ’انگور‘ میں ان کی اداکاری کو بےحد سراہا گیا تھا۔ اس میں انھوں نے بہادر کا کردار ادا کیا تھا اور سنجیو کمار جیسے اداکار کے شانہ بہ شانہ کام کیا تھا۔
اس فلم کو معروف نغمہ نگار اور فلم ساز گلزار نے بنایا تھا۔ دیوین ورما کو اس فلم کے لیے بہترین کامیڈین کے اعزاز سے بھی نوازا گيا تھا۔ اس کے علاوہ انھیں ’چور کے گھر کے چور‘ اور ’چوری میرا کام‘ کے لیے بہترین کامیڈین کا فلم فيئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
دیون ورما کی پیدائش پونے میں سنہ 1937 میں ہوئی تھی اور انھوں نے سیاسیات اور سماجیات میں گریجویشن کی۔ فلموں میں ان کا کردار بہت شائشتہ ہوا کرتا تھا۔ زیادہ تر وہ اپنے انداز اور برجستہ جملے سے مزاح پیدا کیا کرتے تھے۔ وہ حالات کی ستم ظریفی اور اپنے کردار کی کس مپرسی کے عالم کی اچھی عکاسی کیا کرتے تھے۔

،تصویر کا ذریعہraj kumar santoshi
شکل و صورت اور حلیے اور بشرے سے وہ اپنے کسی بھی کردار میں شریف اور دوستانہ نظر آتے تھے۔
’انگور‘ کے علاوہ ان کی یادگار فلموں میں ’چور کے گھر چور،‘ ’چوری میرا کام،‘ ’کھٹا میٹھا،‘ ’بے شرم‘، ’بھولا بھالا،‘ ’جدائی،‘ ’تھوڑی سی بے وفائی،‘ ’گول مال،‘ ’رنگ برنگیت‘ وغیرہ شامل ہیں۔
دیون ورما کی شادی معروف اداکار اشوک کمار کی بیٹی روپا گنگولی سے ہوئی تھی جو ان کے سوگواروں میں شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کریکٹر ایکٹر ہونے کے علاوہ انھوں نے کئی فلمیں پروڈیوس بھی کیں جن میں ’دانا پانی،‘ ’بے شرم،‘ ’نادان‘ اور ’یقین‘ شامل ہیں۔
ان میں سے بعض فلموں کی ہدایات بھی انھوں نے ہی دی تھیں۔
ان کی تازہ فلموں میں ’دل تو پاگل ہے،‘ ’عشق،‘ ’کیا کہنا،‘ ’دل،‘ ’سلاخیں،‘ ’ہلچل،‘ ’کلکتہ میل‘ وغیرہ شامل ہیں۔








