اڈولف ہٹلر کی بنائی ہوئی پینٹنگ کی نیلامی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
جرمنی کے سابق آمر اڈولف ہٹلر کی بنائی ہوئی ایک پینٹنگ ایک لاکھ 61 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔
1914 میں واٹر کلرز سے تخلیق کی جانے والی یہ تصویر جرمن شہر میونخ کے سٹی ہال کی ہے اور پر ہٹلر کے دستخط بھی موجود ہیں۔
اس پینٹنگ کو دو عمر رسیدہ بہنوں نے جرمنی کے ایک نیلام گھر میں فروخت کے لیے پیش کیا تھا اور ان کے دادا نے اسے 1916 میں خریدا تھا۔
نیلام گھر ویدلر کے مطابق مشرقِ وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے پینٹنگ خریدی ہے اور اس کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا ہے۔
نیلام گھر کے مطابق چار براعظموں سے مختلف افراد نے پینٹنگ خریدنے کے لیے بولی دی تھی۔
ماہرین کی عام رائے میں ہٹلر کے آرٹ کا معیار اچھا نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
نیلام گھر کی ڈائریکٹر کیتھرین ویدلر کے مطابق اس پینٹنگ کی خریداری کی اصلی رسید بھی پینٹنگ کی نیلامی میں شامل تھی اور یہ توقع سے زیادہ قیمت میں فروخت ہوئی۔
اس پینٹنگ کو فروخت کرنے والے رقم کا دس فیصد معذور بچوں کے لیے کام کرنے والی ایک خیراتی ادارے کو دیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہٹلر کو فن سے لگاؤ تھا اور وہ ویانا کی فائن آرٹ گیلری میں داخلہ لینا چاہتے تھے لیکن انھیں ناکامی ہوئی۔
رواں سال مارچ میں امریکی شہر لاس اینجلیس میں ایڈولف ہٹلر کا دو جلدوں پر مشتمل ایک خودنوشت مقالہ ’مائن کیمپف‘ 64850 ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service







