’سلمان کا رومانیہ کی اداکارہ کے ساتھ رومانس‘

،تصویر کا ذریعہSPICE AFP
بالی وڈ کے اداکار سلمان خان نے مبینہ طور پر اپنی بہن ارپتا خان کی شادی کے موقع پر اپنے خاندان سے رومانيہ کی اداکارہ يوليا وینطور کا تعارف اپنی گرل فرینڈ کے طور پر کرایا۔
ممبئی کے ایک اخبار ’ممبئی مرر‘ میں اس سے متعلق شائع ایک خبر کے مطابق سلمان خان کی نئی دوست يوليا اس شادی میں شریک ہوئیں اور سلمان خان کے خاندان سے ملاقات کی۔
اس سے قبل يوليا سلمان خان کی ہوم پروڈکشن فلم ’او تیری‘ کے ایک گانے میں نظر آئی تھیں۔
سلمان خان سے يوليا وینطور کی ملاقات ڈبلن میں اس وقت ہوئی تھی جب سلمان اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔
گذشتہ کچھ دنوں سے دونوں کی مبینہ نزديكيوں کی خبریں میڈیا کی سرخی بنتی رہی ہیں۔ لیکن یہ پہلا موقع تھا جب سلمان نے اپنے اہل خانہ سے انھیں اپنی گرل فرینڈ کے طور پر متعارف کروایا۔
فی الحال يوليا ممبئی کے باندرہ علاقے کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں رہ رہی ہیں۔ یہ ہوٹل سلمان خان کے مکان گیلیكسی اپارٹمنٹ کے قریب ہی ہے۔
یولیا سلمان خان کی نئی دوست ہیں۔ اس سے قبل یہ جگہ کترینہ کیف کو حاصل تھی لیکن سلمان اور کترینہ کیف کافی عرصہ پہلے ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے۔

کترینہ کیف سے اب بھی سلمان کی دوستی ہے لیکن اب وہ اداکار رنبیر کپور کی گرل فرینڈ ہیں اور آج کل کترینہ اور رنبیر کے رشتے کی خبریں میڈیا میں گردش کرتی رہتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سلمان خان نے اپنی بہن ارپتا کی شادی کے موقع پر کترینہ کیف کو دعوت دی تھی لیکن رنبیر کپور کو مدعو نہیں کیا تھا۔
کترینہ کیف ارپتا کی شادی میں شرکت کے لیے حیدرآباد آئی تھیں اور وہاں پر سلمان خان نے بطور مذاق کترینہ کیف کو ’کترینہ کپور‘ کے لقب سے پکارا۔
اطلاعات کے مطابق سلمان کے اس مذاق کو سن کر کترینہ شرماتے ہوئے نظر انداز کرگئیں۔







