اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ نے شادی کر لی

،تصویر کا ذریعہReuters
ہالی وڈ کے معروف فلمی جوڑے اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں رشتۂ ازدوج میں منسلک ہو گئے ہیں۔
50 سالہ بریڈ پِٹ اور 39 سالہ اینجلینا جولی سنیچر کو فرانس میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کے بعد ان کی شادی کے بارے میں کئی سالوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا۔
یہ شادی میاوا کے قلعے میں واقع ایک چھوٹے سے چرچ میں ایک سادہ سی تقریب میں ہوئی جس میں چند قریبی دوستوں اور احباب نے شرکت کی۔
مشہور فلمی جوڑے کے تمام بچوں نے بھی اس شادی کی تقریب میں شرکت کی۔

،تصویر کا ذریعہAP
اینجلینا جولی شادی کے لیے چرچ میں اپنے لے پالک بیٹوں 13 سالہ میڈوکس اور دس سالہ پیکس کے ساتھ داخل ہوئیں جبکہ ان کی بیٹیوں نو سالہ زارا، چھ سالہ ویوین نے اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
جوڑے کے ترجمان نے بتایا کہ باقی بچوں میں سے آٹھ سالہ شائلو اور چھ سالہ نوکس انگوٹھی اٹھانے والے بنے۔
دونوں نے اس شادی کا لائسنس کیلی فورنیا کے ایک جج سے پہلے ہی لے لیا تھا جو خصوصی طور پر سفر کر کے فرانس پہنچے تھے۔
جنوبی فرانس میں واقع میاوا کا قلعہ 2008 کے بعد سے دونوں کا دوسرا گھر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بریڈ پِٹ اس سے قبل فلم سٹار جینفر انیسٹن سے شادی کر چکے ہیں، جبکہ اینجلینا جولی کی اس سے قبل جونی لی ملر اور بلی بوب تھورنٹن سے شادیاں ہو چکی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
دونوں کے تعلقات کا آغاز اپریل 2012 میں فلم ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے دوران شروع ہوا جس میں دونوں نے کام کیا تھا۔
مالٹا ٹائمز اخبار کے مطابق جوڑا آج کل سمندر کے کنارے ایک فلم کی عکس بندی میں مصروف ہے جو ’مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے بعد ان کی ایک ساتھ پہلی مشترکہ فلم ہے۔
اس فلم کا سکرپٹ اینجلینا جولی نے لکھا ہے جس کی ہدایات بھی وہ خود ہی دے رہی ہیں۔







