اینجلینا جولی کے لیے اعزازی آسکر ایوارڈ

ہالی وڈ کی شہرۂ آفاق اداکارہ اینجلینا جولی کو انسانیت کے لیے ان کی خدمات کی وجہ اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹ اینڈ سائنسز کے سالانہ گورنرز ایوارڈز میں اعزازی آسکر سے نوازا گیا ہے۔
38 سالہ اداکارہ ایوارڈ وصول کرتے وقت اشک بار نظر آئیں۔ اس ایوارڈ کو ژاں ہرش ہولٹ ایوارڈ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ ایوارڈ ہدایتکار جارج لوکس سے وصول کیا۔
ایجلینا جولی نے اس سے قبل فلم ’گرل انٹرپٹڈ‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا آسکر حاصل کر چکی ہیں، جبکہ انہیں فلم ’چینج لنگ‘ میں اداکاری پر بہترین اداکارہ کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
اینجلینا کے علاوہ اداکار سٹیو مارٹن، اینجیلا لینزبری، اطالوی کاسٹیوم ڈیزائنر پئترو توسی کو بھی لاس اینجلس میں اعزاز سے نوازا گیا۔
سٹیو مارٹن نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا: ’میں کسی بھی طور اپنے جوش کا اظہار نہیں کر سکتا کیونکہ میرا بوٹوکس تازہ ہے‘۔ بوٹوکس ایک ایسا ٹیکہ جو چہرے پر لگایا جاتا ہے جھریاں غائب ہو جاتی ہیں، لیکن اعصاب سن ہونے کی وجہ سے چہرے کے تاثرات ظاہر نہیں ہوتے۔
68 سالہ اداکار کبھی بھی اکیڈمی ایوارڈ یا آسکر کے لیے نامزد نہیں ہوئے اگرچہ انہوں نے تین بار ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کی ہے۔
لیزبری کو بھی تین بار بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے باوجود اکیڈمی ایوارڈ نہیں ملا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

فلمی تاریخ دان رابرٹ اوزبورن نے 68 سالہ اداکارہ لینزبری کو ایوارڈ دیتے ہوئے کہا کہ ’محترمہ لینزبری یہ ہے آپ کا ایوارڈ بالآخر۔‘
حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا کہ لینزبری کے مشہور ڈرامے ’مرڈر شی روٹ‘ کو دوبارہ فلمایا جائے گا جس میں ان کا کردار اداکار اوکٹیویا سپینسر ادا کریں گی۔
اس تقریب میں اداکار بریڈ پِٹ، ہیریسن فورڈ، مارک واہل برگ اور اداکارہ ڈائین کیٹن شریک تھے۔
86 سالہ توسی اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکے اور ان کا ایوارڈ ان کی جگہ اطالوی اداکارہ کلاؤڈیا کارڈینل نے وصول کیا۔
یہ پانچواں سال ہے کہ اکیڈمی یہ اعزازی ایوارڈز علیحدہ تقریب میں پیش کر رہی ہے جو اکیڈمی ایوارڈز سے علیحدہ منعقد کی جاتی ہے۔
اس تقریب کی بعض جھلکیاں 2014 کے آسکر ایوارڈز کے دوران دکھائی جائیں گی جن کی میزبانی دو مارچ کو ایلن ڈی جینرس کریں گی۔







