بالی وڈ راؤنڈ اپ

کرینہ کپور کا مسلسل انکار جاری

کرینہ کہتی ہیں کہ شادی کے بعد فلموں کے انتخاب کے معاملے میں ان کی ترجیحات میں تبدیلی رونما ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکرینہ کہتی ہیں کہ شادی کے بعد فلموں کے انتخاب کے معاملے میں ان کی ترجیحات میں تبدیلی رونما ہوئی ہے

کرینہ کس موڈ میں ہیں اس کا علم تو نہیں لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ انھوں نے یکے بعد دیگرے کئی بڑی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

انھوں نے جن لوگوں کی فلموں میں کام کرنے سے منع کر دیا ہے ان میں سجائے گھوش، کرن جوہر، بجوئے نامبیار اور زویا اختر جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

ان کی فلموں میں کام کے لیے تو لوگ نہ جانے کیا کیا کرتے ہیں۔

بہر حال کرینہ تو کرینہ ہیں۔ وہ کہتی ہیں ’میں نے گذشتہ پانچ ماہ میں چھ فلمیں ریجکٹ کی ہیں کیونکہ میں ایسی کوئی فلم نہیں کرنا چاہتی جوگریٹ نہ ہو۔ مجھے خوشی ہے کہ میں کچھ نہیں کر رہی ہوں بس گھر پر بیٹھ کر کتاب پڑھوں گی۔‘

ویسے کرینہ کی کوئی بات سیف کے بغیر تو پوری ہوتی نہیں اس لیے انھوں نے مزید کہا ’سیف کہتے ہیں کہ اپنا سر نیچے کرو اور جو پسند نہیں اسے نہیں کہہ دو۔ بھئی اس انڈسٹری میں مجھے 15 سال ہو گئے ہیں، اتنا کرنے کا تو حق ہے مجھے۔‘

کرینہ یہ بھی کہتی ہیں کہ شادی کے بعد فلموں کے انتخاب کے معاملے میں ان میں تبدیلی آئی ہے اور ان کی ترجیحات میں بھی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔

کرینہ کپور کی آنے والی فلم روہت شیٹّی کی ’سنگھم ریٹرنز‘ ہے جو اگست میں بھارت کے یوم آزادی کے موقعے سے 15 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔

’مجھے دوسرے ملک کا کیوں سمجھتے ہو؟‘

حمیما ملک کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان میں ہندوستانی بن کر ہی کام کرنا چاہتی ہیں
،تصویر کا کیپشنحمیما ملک کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان میں ہندوستانی بن کر ہی کام کرنا چاہتی ہیں

پاکستانی فلم ’بول‘ سے سرخیوں میں آنے والی اداکارہ حمیما ملک بالی وڈ میں اپنے قدم کیسے جما سکیں گی یہ ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔

تاہم اس سوال پر وہ قدرے ناراض بھی ہو جاتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں ’آپ مجھے غیر ملکی کیوں تصور کرتے ہیں۔ میں تو فنکار ہوں۔ برائے مہربانی مجھے کسی سرحد میں قید نہ کریں۔‘

حمیما ملک فلم ’راجہ نٹورلال‘ سے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔ فلم ’راجہ نٹورلال‘ میں وہ عمران ہاشمی کے ساتھ اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم میں ان کا کردار ایک بار ڈانسر کا ہے۔

کیا اس طرح کے رول کے لیے پاکستان میں ان کے پرستار تیار ہیں کے سوال پر انھوں نے کہا ’میں ایک فنکار ہوں اور ہر طرح کے رول کرنا چاہتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی جگہ کے ناظرین مجھے پسند کریں گے۔ میں یہاں ہندوستان میں آپ ہی لوگوں جیسا بن کر کام كروگي۔‘

کنگنا کو ٹوئٹر سے پرہیز

کنگنا راناوت فلم کوئن کے بعد سے اپنی منفرد اداکاری کے لیے خوب سراہی جا رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکنگنا راناوت فلم کوئن کے بعد سے اپنی منفرد اداکاری کے لیے خوب سراہی جا رہی ہیں

بالی وڈ کے تمام بڑے فنکار اپنے مداحوں اور پرستاروں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کا سہارا لیتے ہیں لیکن اداکارہ کنگنا راناوت کو سماجی رابطے سے پرہیز ہے۔

حال ہی میں کنگنا رانات سے ایک سکن کیئر کمپنی یعنی جلد کی نگہداشت کی مصنوعات بنانے والی کمپنی نے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے رابطہ کیا۔

لیکن کنگنا نے انھیں صرف اس لیے منع کر دیا کیونکہ كنٹریكٹ کے مطابق انھیں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر پروڈکٹ کو پروموٹ کرنا تھا اور اس کے لیے کنگنا تیار نہیں تھیں۔