سیاستدان اور ’مرتد‘ نشانے پر

،تصویر کا ذریعہ
ایران میں ویڈیو گیمز کھیلنے والوں نے اپنی بندوقوں کا رخ ملک کے اعتدال پسند رہنماؤں اور ان کے گھر کے افراد کی جانب موڑ لیا ہے اور وہ اپنی ورچوئل بندوقوں سے ان کرداروں پر گولیاں برسا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ’مختار کی واپسی‘ نامی ایک ویڈیو گیم کے دو کردار سنہ 2009 کے متنازعہ عام انتخابات میں ایران کی صدارت کے امیدواروں میر حسن موسوی اور مہدی کّرابی کے شبیہوں کو سامنے رکھ کے بنائےگئے۔
یاد رہے کہ انتخابات میں میر حسن موسوی اور مہدی کرّابی دونوں سابق صدر احمدی نژاد کے ہاتھوں شکست کھاگئے تھے اور یہ دونوں سنہ 2011 سے اپنےگھروں پر نظر بند ہیں۔
’مختار کی واپسی‘ میں کھیلنے والا مختلف تنگ راستوں سے نا صرف دونوں کرداروں کی شبیہوں کو گولی مار سکتا ہے بلکہ میر حسن موسوی کی اہلیہ زہرا راہنورد اور سابق صدر محمد خاتمی سمیت ایران کے دیگر معتدل رہنماؤں کو بھی گولیوں کا نشانہ بنا سکتا ہے۔
’مختار کی واپسی‘ نامی اس ویڈیو گیم کو انٹرنیٹ پر ’ہنرِ نابِ اسلامی‘ نامی ایک ویب سائٹ نے لانچ کیا ہے جو انٹرنیٹ پر اس قسم کا مواد متعارف کرانے کے لیے مشہور ہے۔

،تصویر کا ذریعہ
اس گیم کے علاوہ ایران میں انٹرنیٹ پر ایک اور گیم بھی کھیلی جا سکتی ہے جس کا نام ہے ’مرتد کو مارنا‘۔ اس گیم میں کھیلنے والے کی گولیوں کا نشانہ جرمنی میں مقیم ایرانی ریپ سِنگر شاہین نجفی ہیں۔ یاد رہے کہ شاہین نجفی ایران میں سماجی موضوعات پرگانے گاتے ہیں اور ان گانوں میں وہ انتہاپسندوں کا تمسخر اڑاتے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر ’مختار کی واپسی‘ کے حوالے سے بحت چھڑ چکی ہے، تاہم اس حوالے سے متضاد خبریں آ رہی ہیں کہ آیا یہ گیم ابھی تک انٹرنیٹ پر دستیاب ہے یا اسے ہٹا لیا گیا ہے۔
ایران کی ایک خبروں والی ویب سائیٹ کا کہنا ہے کہ جس بلاگر نے شروع شروع میں اس گیم کو اپ لوڈ کیا تھا اب اس نے اسے انٹرنیٹ سے ہٹا لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







