رنیبر بے شرم کی ناکامی کے بعد بے روزگار

بالی وڈ کے اداکار رنیبر کپور کے مطابق وہ فلم ’بے شرم‘ کے فلاپ ہونے کے بعد سے بے روزگار ہیں۔
بھارت کے تجارتی شہر ممبئی میں ایک تشہری مہم کے موقع پر جب ایک صحافی نے رنیبر سے پوچھا کہ ان خبروں میں کہاں تک سچائی ہے کہ انہوں نے اپنا معاوضہ بڑھا کر 20 کروڑ روپے فی فلم کر دی ہے۔
اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’آپ یہ کیسی باتیں کر رہی ہیں۔ میری پچھلی فلم نہیں دیکھی۔ آپ کو نہیں پتہ کہ اس کا کیا ہوا۔ فی الحال میں بے روزگار ہوں‘۔
رنیبر کپور کی حالیہ فلم ’بے شرم‘ بری طرح سے فلاپ ہو گئی تھی۔ اس فلم میں رنبیر کے ساتھ ان کے والد رشی کپور اور والدہ نیتو سنگھ نے بھی کام کیا تھا۔
تاہم رنیبر کپور کے بقول انہیں فلم بے شرم کے فلاپ ہونے پر افسوس نہیں ہے کیونکہ اس فلم میں ماں باپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
’جہاں تک ناکامی کی بات ہے تو کامیابی کا کوئی فارمولا تو ہوتا نہیں، بے شرم میں بھی ہم سب نے سخت محنت کی لیکن فلم خراب بنی۔ لوگوں کو میں پسند نہیں آیا۔ اگلی بار اور محنت کروں گا‘۔
ایک سوال کے بیس سال کے بعد وہ اپنے کیریئر کو کس طرح سے دیکھتے ہیں تو اس پر انہوں نے کہا’میرے بال جھڑ چکے ہوں گے اور میں عمر رسیدہ نظر آنے لگ جاؤں گا‘۔
رنبیر کپور نے یہ بھی بتایا کہ وہ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم جا کر سچن تندولکر کا آخری ٹیسٹ دیکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ’سچن، کرکٹ کے خدا ہیں، میں ان کے آخری ٹیسٹ پر خوش بھی ہوں اور دکھی بھی کیونکہ وہ کرکٹ سے دور جا رہے ہیں‘۔







