’پیار ثابت کرنے کے لیے بھوکی کیوں رہوں ‘

کرینہ کپور اس سے قبل رمضان کے روزوں کے بارے میں بھی یہ بات کہی تھی کہ یہ ان کی پرورش کا حصہ نہیں
،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور اس سے قبل رمضان کے روزوں کے بارے میں بھی یہ بات کہی تھی کہ یہ ان کی پرورش کا حصہ نہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے جب اپنی آنے والی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن سے چھٹی لی تھی تو یہ خبر گرم تھی کہ وہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی بیشتر خواتین کی طرح اپنے خاوند کی لمبی عمر کے لیے کروا چوتھ کا برت یعنی روزہ رکھیں گی۔

لیکن جب گذشتہ روز منگل کے دن ورت رکھنے کا دن آیا تو کرینہ نے یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ وہ ورت نہیں رکھیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ’مجھے یہ پتہ ہے کہ جب ساری عورتیں بھوکی پیاسی ہوں گی تو میں کھا رہی ہوں گی۔ سیف کے لیے اپنا پیار ثابت کرنے کے لیے مجھے بھوکا رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی بہت سی خواتین اس ورت کو اپنے خاوند کی درازیِ عمر کے لیے اہمیت دیتی ہیں۔ کرینہ کپور نے ورت رکھنے والی خواتین کو اس انداز میں نصیحت کر ڈالی کہ ’وہ سب آج کے دن کھانا کھائیں، مٹھائی کھائیں، محبت میں بھوکوں کیوں مرنا۔‘

اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا: ’میں کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہوں، میں کھانے کے بغیر نہیں جی سکتی، میں کروا چوتھ کا تہوار کھاتے ہوئے اور مزے کرتے ہوئے گزارتی ہوں۔‘

کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ کھانے کے بغیر نہیں رہ سکتیں
،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور کا کہنا ہے کہ وہ کپور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ کھانے کے بغیر نہیں رہ سکتیں

اس سے قبل 16 اکتوبر کو کرینہ کپور اور سیف علی خان نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ لندن میں منائی تھی اور یہ خبر گرم تھی کہ وہ کروا چوتھ کا ورت بھی رکھیں گی۔

اور یہ خبر تقریباً تمام تر اخباروں کی سرخی بنی تھی کہ کرینہ کپور اپنے شوہر سیف علی خان کے لیے کروا چوتھ کا ورت رکھ رہی ہیں اور اسی لیے انہوں نے اپنی آنے والی فلم’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن سے چھٹی بھی مانگ لی ہے۔

سیف ان دنوں لندن میں اپنی فلم ’ہم شکل‘ کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جب ان سے رمضان کے مہینے میں روزے رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ میں نے ایک بھی روزہ نہیں رکھا ہے اور نہ ہی رکھنے کا کوئی ارادہ ہے کیونکہ بچپن سے ہی رمضان میری زندگی کا حصہ نہیں رہا ہے تو پھر اچانک روزے رکھنا کس طرح شروع کر دوں۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کرینہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ سیف اور ان کی شادی کو نو مہینے ہو گئے ہوں پر آج تک انہوں نے کبھی بھی سیف کے لیے کھانا نہیں بنایا ہے۔