’کرینہ، عمران بنے ہیں ایک دوسرے کے لیے‘

کرن جوہر کی فلم ’ایک میں اور ایک تو‘ میں پہلی بار کرینہ کپور اور عمران خان ایک ساتھ نظر آئے تھے اور اب یہ جوڑی دوبارہ کرن ہی کی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ میں ایک بار پھر سے نظر آ رہی ہے۔

جہاں ان دونوں کی جوڑی کو لوگوں نے ’ایک میں اور ایک تو‘ میں بہت پسند کیا تھا وہیں کرن جوہر اس جوڑی کے سب سے بڑے دیوانے لگتے ہیں اور کرن تو یہ سمجھتے ہیں کہ ان دونوں کو ذاتی زندگی میں بھی ساتھ ہونا چاہئے تھا۔

اپنی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کی تشہیری مہم کے دوران کرن جوہر کرینہ اور عمران کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔

کرن کہتے ہیں ’ کرینہ اور عمران دونوں ہی بہت خوبصورت لوگ ہیں۔ دونوں کیا کمال اداکاری کرتے ہیں۔ یہ دونوں تو بنے ہی ایک دوسرے کے لئے تھے لیکن بس دونوں نے الگ الگ لوگوں سے شادی کر لی۔ اگر میں اپنے ذہن کی کہوں تو ان دونوں کو ایک دوسرے سے شادی کرنی چاہیے تھی۔‘

کرن جوہر کی فلم ’ایک میں اور ایک تو‘ میں پہلی بار کرینہ کپور اور عمران خان ایک ساتھ نظر آئے تھے
،تصویر کا کیپشنکرن جوہر کی فلم ’ایک میں اور ایک تو‘ میں پہلی بار کرینہ کپور اور عمران خان ایک ساتھ نظر آئے تھے

اب کرن کی یہ چاہت تو پوری نہیں ہو سکتی۔ لیکن ہاں فلم کو لے کر کرن یہ ضرور چاہتے ہوں گے کہ ان کی یہ فلم ہٹ ہو جائے۔

فلم کے کچھ حصے گجرات میں فلمائے گئے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ کیا بالی وڈ فلموں میں ایک بار پھر بھارتی گاؤں واپس لوٹ رہا ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کرن کہتے ہیں ’ہماری فلموں میں گاؤں کی کہانیاں تو بہت چلتی ہیں۔ ’لگان‘ بھی گاؤں میں بنی تھی۔ ویسے میں آپ کو بتا دوں کہ یہ فلم ایک محبت کی کہانی ہے اور اس کے دو حصے ہیں۔ ایک شہر میں ہے اور ایک گاؤں میں ہے۔‘

فلم کی شوٹنگ ایک گاؤں میں ہونے والی ہے اس بات سے کرینہ اتنی خوش ہوئیں کہ انہوں نے فلم کے لئے ہاں کہہ دیا۔

کرینہ کہتی ہیں ’میں اس بات سے بے حد خوش تھی کہ میں ایک گاؤں میں جا کر فلم شوٹ کرنے والی ہوں۔ عمران خان اور پنيت ملہوترا کی وجہ سے بھی میں نے فلم کے لئے حامی بھری۔‘

فلم میں کرینہ کپور کے کردار اور شکل و صورت بھی بہت زیادہ موضوع بحث ہے۔

فلم کے کچھ مناظر میں کرینہ حاملہ نظر آئیں گی
،تصویر کا کیپشنفلم کے کچھ مناظر میں کرینہ حاملہ نظر آئیں گی

اپنے لُک کے بارے میں کرینہ کہتی ہیں ’اس فلم میں میرے لُک ڈیزائنر منیش ملہوترا ہیں اور فلم میں میرا جو کردار ہے وہ گجرات کے ایک گاؤں میں ہے۔ منیش نے وہیں سے منگوائے ہوئے سامان سے میرے کپڑے تیار کئے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ لوگوں کو یہ لُک پسند آئے گا۔‘

فلم کی شوٹنگ گاؤں میں ہونے پر صرف کرینہ ہی نہیں بلکہ فلم کے اداکار عمران خان بھی بے حد خوش تھے۔

عمران کہتے ہیں ’کرینہ تو پہلے بھی گاؤں جا چکی ہیں۔ ان کی فلم ’مہاجر‘ کی شوٹنگ وہیں ہوئی تھی۔ لیکن میں کبھی وہاں نہیں گیا تھا۔ میرے ماموں عامر خان نے لگان کی شوٹنگ گاؤں میں ہی کی تھی۔ میں وہاں گیا اور وہ جگہ بھی دیکھی جہاں لگان فلمائی گئی تھی۔ کرینہ ہمیں وہاں ایک ریستوران میں بھی لے کر گئیں۔‘

یاد رہے ’گوری تیرے پیار میں‘ اس سال 22 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔