بالی وڈ راؤنڈ اپ
- مصنف, ثمرہ فاطمہ
- عہدہ, بی بی سی، دلّی
کرینہ مجھ سے زیادہ فٹ

بالی وڈ اداکار رنیبر کپور حال ہی ایک ٹی وی شو میں جب یہ پوچھا گیا کہ ان کے خاندان میں اس وقت سب سے فٹ اداکار کون ہے تو رنبیر کپور نے کہا ہے ’سب سے پہلے تو میں اپنے پاپا کا نام لیتا لیکن چھوڑو سب سے زیادہ فٹ میں ہوں۔‘ لیکن جب ٹی وی ہوسٹ نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ کرینہ کپور سے بھی زیادہ فٹ ہیں تو رنبیر سوچ میں پڑ گئے اور پھر انہوں نے بغیر کسی تاخیر کے کہا’میں فٹ ہوں لیکن کرینہ مجھ سے زیادہ فٹ ہے۔ چلو مان لیتے ہیں کہ کرینہ ہی سب سے زيادہ فٹ ہیں۔‘
رنبیر کپور نے کہا کہ کرینہ کپور صرف ان کے خاندان کی نہیں بلکہ بالی وڈ کی بھی سب سے فٹ اداکارہ ہیں۔ چلیے رنبیر آپ کہتے ہیں تو مان لیتے ہیں لیکن کیا آپ کو نہیں لگتا کہ قطرینہ کیف کرینہ کپور سے زيادہ فٹ ہیں۔
قطرینہ کی سلمان خان سے دوبارہ دوستی

،تصویر کا ذریعہpr
آپ کو یاد ہوگا کہ گزشتہ برس بالی وڈ میں اس طرح کی خبریں پروان چڑھیں تھی کہ سلمان خان اور قطرینہ کے درمیان دوستی ختم ہوگئی ہے اور دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
حالانکہ سلمان خان اور قطرینہ نے ان خبروں کی کبھی تصدیق نہیں کی۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ وہ دونوں اب ساتھ بھی نہیں دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن جمعہ کو ان دونوں کی نئی فلم ’ایک تھا ٹائيگر‘ ریلیز ہوئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس فلم کے دوران سلمان اور قطرینہ کی دوریاں کم ہوئی ہیں۔ حال ہی میں سلمان خان کی چھوٹی بہن نے ٹوئٹر پر ایک فوٹو پوسٹ کی ہے جس میں قطرینہ کیف کو سلمان خان کی بہنوں کے ساتھ ایک ریستوران میں دیکھا جاسکتا ہے۔
عامر خان سے متاثر ہوئی ملکہ

گزشتہ ہفتے فلم اداکارہ ملکہ شیراوت نے ممبئی میں کینسر کے مریض میں مبتلا بچوں کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کے ایک پروگرام میں حصہ لیا اور بچوں کے ساتھ وقت بتایا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اس پروگرام میں حصہ لینے کے بارے میں کیوں سوچا تو ان کا کہنا تھا کہ عامر خان کے ٹی وی شو ستیہ میو جیتے سے متاثر ہوکر ان میں بھی فلاحی کام کرنے کا جذبہ جاگا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ عامر خان اتنے مصروف اداکار ہونے باوجود اگر سماجی کاموں کے لیے وقت نکال سکتے ہیں تو وہ کیوں نہیں؟
سلمان خطرناک حالت میں

،تصویر کا ذریعہpr
عید کا موقع ہے تو سلمان خان کی نئی فلم تو تھیٹر میں چلنی ہی چاہیے۔۔ آپ سوچ رہے ہوں گے یہ کیا بات ہوئی۔۔ جی ہاں یہی تو بات ہے سلمان خان کی۔ سلمان خان گزشتہ کئی سالوں سے اپنی ہر نئی فلم عید کے موقع پر ریلیز کرتے ہیں۔ گزشتہ برس انکی فلم دبنگ عید کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی اور اس برس ان کی نئی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ ریلیز ہوئی ہے۔
ایک تھا ٹائیگز گزشتہ روز یعنی جمعہ کو ریلیز ہوئی ہے۔ ریلیز سے پہلے سلمان خان نے کہا کہ فلم کی ریلیز سے پہلے نروس ہیں اور ’بہت خطرناک حالت میں ہیں‘۔ خطرناک حالت میں کیوں بھائی؟ سلمان خان کا کہنا ہے کہ ان کی اس سے پہلے تین فلمیں ریلیز ہوئی اور تینوں ہٹ ہوئی اس لیے انہیں ڈر لگ رہا ہے کہ ان کی یہ فلم ہٹ ہوگی یا نہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لگاتار ہٹ فلمیں دینے کے بعد انہیں یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ اب آگے کیا کرنا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







