بگ باس کی فاتح روبینہ دلیک: ’میرا دل فنکارہ کا، جسم رقاصہ کا اور روح سیاح کی ہے‘

روبینہ

،تصویر کا ذریعہfacebook/rubina dilaik

انڈیا کا مقبول ریئلٹی شو بگ باس کا 14واں سیزن 143 روز جاری رہنے کے بعد اتوار کی شب اپنے اختتام کو پہنچا ہے اور سیزن کی فاتح روبینہ دلیک رہیں ہیں۔

روبینہ کا نام انڈیا میں پہلے ہی ان کے ٹی وی شو ’چھوٹی بہو‘ کی وجہ سے خاصا معروف تھا اور اب بگ باس میں کامیابی نے ان کی مقبولیت کو چار چاند لگا دیے ہیں جبکہ کیش میں ملنے والی 3.5 ملین کی انعامی رقم اس کے علاوہ ہے۔

بگ باس میں کامیابی کے فوراً بعد ’ٹائمز آف انڈیا‘ سے بات کرتے ہوئے روبینہ کا کہنا تھا کہ ’شدت جذبات کے باعث میرا خود پر اختیار نہیں ہے۔ یہ ایک خواب تھا لیکن جیت کا احساس ابھی مجھ میں سرایت کرنا باقی ہے۔ کہتے ہیں کہ سب قسمت کا کھیل ہے۔ شاید یہ میری قسمت میں تھا۔ یہ ایک شاندار سفر تھا جس میں میں نے خود کو دریافت کیا اور مجھے اس پر بہت فخر ہے۔‘

چھوٹی بہو کے علاوہ اُن کا دوسرا اہم سریئل ’شکتی: استتوا کے احساس کی‘ (یعنی وجود کے احساس کی طاقت) رہا ہے جس میں انھوں نے ٹرانس جینڈر کا کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

روبینہ کے علاوہ راہل ویدیا بگ باس کے اس سیزن میں پہلے رنر اپ رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ ریئلٹی شو انڈین آئیڈل کے پہلے سیزن میں بھی رنر اپ رہے تھے۔ شو کے میزبان سلمان خان نے فاتح کے نام کا اعلان کرنے سے پہلے فائنل میں پہنچنے والے شرکا کو کو ایک آپشن دیا کہ وہ 1.4 ملین روپے لے کر شو چھوڑ سکتے ہیں۔

بگ باس

،تصویر کا ذریعہ@RubiDilaik

فیصلہ کرنے کے لیے ہر ایک کو 30 سیکنڈ کا وقت دیا گیا۔ فلم اداکارہ راکھی ساونت نے پہلے فیصلہ کیا اور وہ 14 لاکھ روپے لے کر مقابلے سے دست بردار ہو گئیں۔

کورونا کی عالمی وبا کے دور میں ریئلٹی شو کا منعقد ہونا ایک بڑی کامیابی کہی جا سکتی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ بگ باس کے متعلق سوشل میڈیا پر اچھے خاصے مباحثے بھی نظر آئے۔

انڈیا میں بگ باس فائنل کئی گھنٹوں تک ٹاپ ٹرینڈ رہا جبکہ روبینہ بھی اس کے ساتھ ٹرینڈ کرتی رہیں۔

روبینہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ اِس جیت کا سہرا اُن کی حمایتوں کے سر ہے۔

بگ باس کے مستقل میزبان اور بالی وڈ سٹار سلمان خان نے اگلے سیزن کے ساتھ آئندہ آٹھ ماہ کے اندر واپسی کا وعدہ کیا ہے۔

روبینہ دلیک کون ہیں؟

روبینہ

،تصویر کا ذریعہCOLORSTV

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر روبینہ اپنے پروفائل میں لکھتی ہیں کہ ان کا ’دل ایک فنکار کا ہے، جسم ایک رقاصہ کا ہے اور روح ایک سیاح کی ہے، میں ہی کائنات ہوں۔‘

14 ویں سیزن کی فاتح بن کر وہ تھوڑی دیر کے لیے واقعی خود کو کائنات سمجھ سکتی ہیں۔

مصنف اسجد نذیر نے ان کی جیت پر کہا کہ ان کی جیت سے بگ باس نے اعتماد حاصل کیا ہے کیونکہ ’ایک اچھے دل والی‘ کی جیت ہوئی ہے۔

روبینہ دلیک اپنے شوہر ابھینو شکلا کے ساتھ شو میں شامل ہوئی تھیں اور اس وقت کسی کو امید نہیں تھی کہ وہ یہاں تک پہنچیں گی۔

روبینہ نے شو کے دوران ہی اقرار کیا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر ابھینو شکلا کے درمیان نوبت طلاق تک پہنچ گئی تھی لہذا انھوں نے اپنی شادی کو ایک اور موقع دینے کے لیے بگ باس میں آنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزار سکیں اور اپنے تعلق کو مضبوط بنا سکیں۔

روبینہ نے بتایا کہ انھوں نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر بگ باس کے بعد بھی ان کے درمیان دوریاں ختم نہ ہو پائیں تو وہ ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہو جائیں گے۔

روبینہ

،تصویر کا ذریعہ@RubiDilaik

روبینہ کی پیدائش انڈیا کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کے شہر شملہ میں 26 اکتوبر 1987 کو ہوئی۔

انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی شملہ ہی سے حاصل کی۔ وہ مقابلے کا امتحان دے کر سرکاری سروس جوائن کرنا چاہتی تھیں لیکن قسمت نے ان کے لیے کچھ اور ہی فیصلہ کر رکھا تھا اور اس کا اظہار ابتدا سے ہی ہونے لگا تھا جب سنہ 2006 میں انھوں نے مقامی مقابلہ حسن میں شرکت کی اور وہ ’مس شملہ‘ بنیں۔

اس کے دو سال بعد وہ چندی گڑھ میں ہونے والے شمالی ہند کے مقابلہ حسن کی فاتح بنیں۔ اپنے سکول کے زمانے میں وہ تقریر کرنے میں قومی سطح کے مقابلے میں کامیاب رہی تھیں۔

جب وہ آئی اے ایس بننے کی تیاریوں میں تھیں تو انھیں ’چھوٹی بہو‘ کے آڈیشن میں رادھیکا شاستری کے کردار کے لیے منتخب کر لیا گیا اور پھر ان کا راستہ مختلف سمت میں چلا گیا جو کہ گلیمر کی دنیا ہے۔

روبینہ دلیک نے ٹی وی سیریئل ’ساس بنا سسرال‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ’دیووں کے دیو‘ میں سیتا کا کردار ادا کیا ہے۔

اس سے قبل وہ بگ باس کے مختلف سیزن 10، 11، 12 اور 13 میں بطور مہمان شریک ہو چکی ہیں۔

انھوں نے سنہ 2018 میں ابھینو شکلا سے شادی کی جو کہ سنہ 2009 میں مسٹر پنجاب رہ چکے تھے۔

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بگ باس کے گھر میں اور کون کون تھے؟

ابھینو شکلا: ٹی وی سیریلز ’بدلتے رشتہ‘ اور ’چھوٹی بہو‘ سیریز کا ایک حصہ رہے ہیں۔ بگ باس کے ہر سیزن میں ٹی وی اداکاروں کی کثرت دیکھی گئی ہے۔ بگ باس کے 14 ویں سیزن میں ایک شادی شدہ جوڑے کو شو میں شامل کیا گیا تھا اور ابھینو اور روبینہ اس کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

نشانت سنگھ ملکانی: وہ ہندی ٹی وی کے بہت سے سیریئلز میں نظر آئے ہیں۔ انھیں پُراعتماد شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

جیسمن بھسین: ٹی وی کی دنیا میں ایک معروف نام ہے۔ انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تمل فلموں سے کیا۔ جیسمن ’ٹشن عشق‘ اور ’دل سے دل تک‘ جیسے شوز میں نظر آئیں ہیں۔

سارہ گرپال: ایک پنجابی اداکارہ اور گلوکارہ ہیں جنھوں نے بطور فیشن ڈیزائنر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

پیوترا پونیا: ایم ٹی وی چینل کے ریئلٹی شو میں اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والی اداکارہ پوترا پونیا کو بھی بگ باس کے گھر میں جگہ ملی۔

جان کمار سانو: گذشتہ سال پریمیئر سے قبل ہی جان کمار سلمان خان کے ساتھ پروموز اور ویڈیوز میں نظر آئے تھے۔ جبکہ سدھارتھ، حنا اور گوہر جیسے ’طوفانی سینئرز‘ نے انھیں مسترد کردیا تھا۔

شہزاد دیول: ایم ٹی وی چینل کے ریئلٹی شو میں رنرز اپ رہ چکے ہیں۔ ایک ’اچھے لڑکے‘ کی ان کی شبیہ ہے اور انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا تھا۔

نکی تنبولی: جنوبی انڈیا کی فلم انڈسٹری کا معروف چہرہ ہیں اور وہ ’کنچنا 3‘ جیسی فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

اعجاز خان: اداکار اعجاز خان نے ٹی وی کی دنیا میں بہت کام کیا ہے۔ وہ کچھ فلموں کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔