’آدی پُرش‘ : رامائن پر بننے والی فلم پر تبصرے کے بعد سیف علی خان تنقید کا نشانہ کیوں بنے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے دیو مالائی کردار راون کے متعلق اپنے ایک حالیہ بیان پر یہ کہتے ہوئے معذرت کر لی ہے کہ اُن کا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا۔
سیف علی خان اپنی نئی آنے والی فلم ’آدی پُرش‘ میں راون کا کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم ہندومت کی مذہبی داستان رامائن پر مبنی ہے جس میں بھگوان رام کا کردار جنوبی ہند کے اداکار پربھاش ادا کر رہے ہیں۔
اس داستان کے مطابق راون نے رام کی اہلیہ سیتا کو اغوا کر لیا تھا اور پھر رام اور راون کے درمیان جنگ ہوئی تھی جس میں رام کی جیت ہوئی تھی اور اس دن کی مناسبت سے ہرسال ’دسہرے‘ کا تہوار منایا جاتا ہے جسے مختلف علاقے میں مختلف ناموں سے بھی جانا جاتا ہے اور اسے ’برائی پر اچھائی کی فتح کا جشن‘ بھی کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
تنازع کا آغاز بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے ایک تبصرے سے ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اپنے کردار کے متعلق بات کرتے ہوئے ایک اخبار کو بتایا کہ ’راکشس (عفریت) بادشاہ کا کردار ادا کرنا بہت دلچسپ ہو گا لیکن اس میں کم سختی ہے۔ ہم اسے ایسے روپ میں پیش کریں گے جو کہ تفریح کا سامان بھی ہو گا اور اس میں سیتا کے اغوا کی مناسب وجہ بھی پیش کی جائے گی کہ اس نے رام کے ساتھ بدلہ لینے کی وجہ سے ایسا کیا تھا کیونکہ ان کے بھائی لکشمن نے ان (راون) کی بہن سُررپنکھا کی ناک کاٹ دی تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بہت کچھ لکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر بہت سارے صارفین نے اس تبصرے کو ہندوؤں کی توہین قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی بہت سارے لوگوں نے فلم کے بائیکاٹ کی اپیل بھی شروع کر دی۔ ’ہندو‘ کے ساتھ ’سیف علی خان‘، ’اورنگزیب‘، ’ٹیپو سلطان‘، ’تیمور‘ اور ’بابر‘ کا بھی ذکر ہونے لگا۔ گویا ٹوئٹر پر ایک الگ قسم کی جنگ چھڑی نظر آنے لگی۔
’جیمز آف بالی وڈ‘ نامی صارف کے ٹوئٹر پر تقریبا 75 ہزار فالوورز ہیں۔ انھوں نے لکھا ’سیف علی خان رامائن کو نئے طریقے سے دیکھنا چاہتے ہیں اور راون کو اچھے انسان کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں اور سیتا کے اغوا کا جواز دینا چاہتے ہیں۔ یہ بہت ہی پریشان کُن ہے اور اس کی مخالفت ہونی چاہیے۔ یہ ایسے وقت میں کیوں آ رہی ہے جبکہ ریاستوں میں اغوا کے واقعات بڑھ رہے ہیں؟ ہو سکتا ہے کہ سیف کی ہندو مخالف خاندانی تاریخ سے اس کی وضاحت ہو۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
کئی لوگ سیف علی خان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے تو کئی لوگوں نے انھیں فلم سے فوراً نکالنے کی بات کہی۔ کسی نے لکھا کہ سیف نے تو معافی مانگ لی باقی فلم بنانے والے بھی معافی مانگیں۔
رتو راٹھور نامی صارف نے لکھا کہ ’بالی وڈ اپنے ہندو مخالف ایجنڈے پر گامزن ہے۔ کرینہ کپور کے شوہر سیف علی خان آنے والی فلم میں اپنے لنکیش کے کردار (راون) سے سیتا ماتا کے اغوا کا جواز پیش کریں گے۔ اس سے ’راون کی پوجا‘ کو مزید تقویت ملے گی جسے بھیم میمز کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔ اسی لیے آپ کو کرنی سینا کی ضرورت ہے۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل کرنی سینا نے فلم ’پدماوت‘ کے خلاف محاذ کھولا تھا اور اس کی شوٹنگ میں رخنے ڈالے یہاں تک کہ اس کے نام کو بھی تبدیل کروا دیا تھا۔ اس کے علاوہ بہت سے دوسرے معاملات میں بھی وہ پیش پیش رہی ہے جبکہ بعض جگہ راون کی بھی پوجا ہوتی ہے۔
ایک صارف ستیش کپور نے ’اریسٹ سیف علی خان‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا کہ ’رامائن نہ جاننے والوں کو کیا حق ہے کہ وہ رامائن کے حقائق سے کھیلیں۔ یہ ہندو مذہب کی توہین ہے۔ سیف علی خان جدید دور کے اورنگزیب ہیں جو تاریخ سے کھیل رہے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
بہت سے لوگوں نے سیف علی خان کو اُن کے بیٹے کے نام کا طعنہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’تیمور کے والد سے اور کیا امید کی جا سکتی ہے۔‘
اگرچہ راون کے کردار کے لیے بہت سے لوگوں نے سیف علی خان کی جگہ دوسرے اداکار کا ذکر کیا تو بہت سے لوگ سیف کی اداکاری کی تعریف کرتے نظر آئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’ایک اداکار کے طور پر انھیں بہت پذیرائی نہیں ملی لیکن وہ اپنی شاندار اداکاری سے کسی بھی اداکار کو دھندلا سکتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
سیف نے اب کیا کہا؟
اداکار سیف علی خان نے بیان جاری کیا ہے کہ ’مجھے پتا چلا ہے کہ ایک انٹرویو کے دوران میرا ایک بیان تنازع کا باعث بن گیا ہے اور اس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ میں ایمانداری سے سب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں اور اپنا بیان واپس لیتا ہوں۔‘
اس کے بعد سیف علی خان نے کہا کہ ’آدی پُرش‘ فلم برائی پر بھلائی کی فتح کا جشن ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ ’بھگوان رام میرے لیے ہمیشہ سے ہی سچائی اور بہادری کی علامت رہے ہیں۔ آدی پُرش برائی پر بھلائی کی فتح کا جشن منانے کے بارے میں ہے اور پوری ٹیم اس رزمیہ کو بغیر کسی کمی بیشی کے پیش کرنے کے لیے مل کر کام کر رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
فلم آدی پُرُش کی کہانی کیا ہے؟
ہندو مذہب کی جنگی کہانی رامائن پر مبنی فلم کی ہدایتکاری اوم راوت نے کی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے ’تنہاجی: دی ان سنگ واریئر فیم‘ کی ہدایتکاری کی تھی اور اس فلم میں اجے دیوگن کے مخالف سیف علی خان نے مغل کمانڈر ادے بھان سنگھ راٹھور کا کردار ادا کیا تھا۔
آدی پُرُش میں رام کا کردار پربھاش ادا کر رہے ہیں جنھوں نے ’باہو بلی‘ کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم ہندی کے علاوہ تیلگو میں بھی شوٹ ہوئی ہے جبکہ اسے ملیالم، تمل اور کنڑ زبان میں بھی ڈب کیا جائے گا۔
اس فلم پر ابھی کام جاری ہے۔ اس کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہو گی جبکہ سنہ 2022 میں اس کی ریلیز کے امکانات ہیں۔








