شوبز ڈائری: آصف بسرا کی مبینہ خوکشی، سونو سود کا سوانح عمری لکھنے کا ارادہ اور اگر بازی گری میں شاہ رخ کی موت نہ ہوتی تو؟

،تصویر کا ذریعہInstagram
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ میں آج پھر سوگ منایا جا رہا ہے کیونکہ گذشتہ روز 53 سالہ اداکار آصف بسرا ریاست ہماچل پردیش میں اپنے مکان میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کے مطابق آصف بسرا مکلیوڈگنج میں اپنے کرائے کے مکان میں گذشتہ پانچ برس سے مقیم تھے اور پولیس ابتدائی طور پر اسے خودکشی کے کیس کے طور پر دیکھ رہی ہے تاہم آصف نے کوئی خود کشی نوٹ نہیں چھوڑا ہے۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور کچھ روز میں سامنے آنے والی میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی موت کی وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔
آصف بسرا یوں تو فلم ’کرش تھری‘، ’جب وی میٹ‘، ’ہچکی' اور ’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی‘ جیسی فلموں سے جانے جاتے ہیں لیکن حال ہی میں ویب سیریز 'پاتال لوک' میں بھی نظر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آصف بصرہ کی مبینہ خود کشی کی خبر پھیلتے ہی انڈسٹری میں غم اور افسردگی چھا گئی اور بالی ووڈ شخصیات نے سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار شروع کر دیا۔
منوج باچپائی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ انھیں اس خبر سے بڑا جھٹکا لگا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن سے پہلے آصف نے ان کے ساتھ شوٹنگ کی تھی۔
انوشکا شرما نے انسٹا پر اپنی ایک پوسٹ میں انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کے علاوہ سووارہ بھاسکر سے لے کر دویا دتہ تک سبھی نے اظہارِ افسوس کیا دویا نے لکھا ’یہ ایک افسوس ناک خبر ہے، ہم نے ’ہوسٹیج ٹو کے لیے ایک ساتھ شوٹنگ کی تھی یقین نہیں آ رہا کہ اب آصف اس دنیا میں نہیں رہے وہ بہت خوش اور مطمئن نظر اتے تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہInstagram/anushkasharma
ادھر سوشانت سنگھ راجپوت خود کشی معاملے میں محکمہ نارکوٹکس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں اداکار ارجن رامپال اور انکی گرل فرینڈ گیبریالہ کو پوچھ تاچھ کے لیے کل این بی سی کے دفتر طلب کیا گیا۔
اس سے پہلے فلسماز فیروز ناڈیاڈ والا کی بیگم شبانہ سعید کو ان کی رہائش گاہ سے منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا بعد میں انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
محکمے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی کو کلین چٹ نہیں دی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلم بازی گر میں اگر شاہ رخ خان کی موت نہ ہوتی تو کیا ہوتا
ڈائریکٹر عباس مستان کی فلم ’بازی گر‘ کو، جس نے شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کا سپر سٹار بنایا تھا، 27 سال پورے ہو چکے ہیں۔
شاہ رخ، کاجول اور شلپا شیٹی کی اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے لیکن بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ اس فلم کے دو کلائمیکس شوٹ کیے گئے تھے۔
فلمساز عباس مستان نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے ساتھ ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ متعدد ڈسٹری بیوٹرز کا خیال تھا کہ فلم کے آخر میں ہیرو کی موت نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے پولیس کے حوالے کیا جانا چاہیے اس لیے فلم کے دو کلائمیکس شوٹ کیے گئے تھے۔ تاہم آخر میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہیرو کو مرنا ہی ہو گا اور اگر ہیرو کو پولیس کے حوالے کیا گیا تو اس سے اس کردار کے ساتھ وابستہ لوگوں کے جذبات کے ساتھ انصاف نہیں ہو گا۔
یہ شلپا شیٹی کی پہلی فلم تھی جنھیں فلم کے شروع میں ہی شاہ رخ خان نے 26 منزلہ عمارت سے پھینک کر دنیا کے ساتھ ساتھ فلم سے بھی رخصت کر دیتے ہیں پھر بھی شلپا نے اپنے چھوٹے سے کردار میں لوگوں کے دلوں پر اچھا اثر چھوڑا تھا۔

،تصویر کا ذریعہReliance Entertainment
سونو سود بہت سے لوگوں کے ریئل لائف ہیرو
سونو سود ایک ایسے اداکار ہیں جنھوں نے فلموں سے زیادہ اصل زندگی میں لوگوں پر اپنا ایسا اثر چھوڑا کہ لوگ ان کی دریا دلی اور ہمت کی داد دے رہے ہیں۔
کورونا وائرس وبا کے دوران ہزاروں مزدوروں کو گھر بھیج کر ان کی کی مدد کرنے والے سونو سود بہت سے لوگوں کے لیے حقیقی زندگی میں ہیرو بن چکے ہیں کوئی انھیں بھگوان تو کوئی انھیں مسیحا کہہ رہا ہے لیکن سونو سود کا کہنا ہے کہ ’میں کوئی مسیحا نہیں ہوں۔‘
کچھ عرصہ پہلے پیونگوئن رینڈم ہاوس انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ سونو سود اپنی سوانح عمری لکھیں گے جس میں وہ کورونا وبا کے دوران اور اس کے بعد کے اپنے تجربات بیان کریں گے اور اس کتاب کا نام ہوگا ’آئی ایم نو مسیحا۔‘
سونو اس کتاب میں ان مختلف لوگوں کی کہانیاں بیان کریں گے جن سے اس دوران ان کی ملاقات ہوئی اور کس طرح زندگی کے تئیں ان کی سوچ ، ان کے رویے، ان کی شخصیت اور زندگی کے مقصد میں تبدیلی آئی۔











