شوبز ڈائری: سلمان خان لاک ڈاؤن کس کے ساتھ گزار رہے ہیں؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
کورونا وائرس کے باعث انڈیا میں معاشی بحران سے لڑنے کے لیے جہاں بالی وڈ نے امداد کے لیے بڑی بڑی رقوم پیش کی ہیں وہیں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے پیغامات، ٹویٹس، مختصر دورانیے کی فلمیں اور گانے تک ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اپنی آواز میں ایسا ہی ایک گانا سلمان خان نے بھی ریلیز کیا ہے جس کا عنوان ہے ’پیار کرو نا۔‘ بالی وڈ کے بھائی کے اس گانے پر بے شمار لوگوں نے تبصرے کیے اور اپنی دی ہے۔ شاہ رخ خان اپنے حسِ مزاح کے لیے مشہور ہیں، ٹوئٹر پر جب ان کے ایک مداح نے سلمان خان کے نئے گانے 'پیار کرونا' کے بارے میں ان سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’بھائی کمال کا سنگر اور سنگل ہے۔‘
بھائی کمال کے سنگر ہیں یہ تو ان کے مداح ہی بتا سکتے ہیں لیکن کتنے کمال کے سنگل ہیں یہ ان کی وہ تمام دوست بتا سکتیں ہیں جن کے ساتھ آج کل وہ اپنے پنویل فارم ہاوس میں لاک ڈاؤن منا رہے ہیں۔ یولیہ اور جیکلین فرنینڈس سلمان کی فیملی کے ساتھ فارم ہاوس پر ان کی مہمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’قوم پرستی انسانیت سے زیادہ اہم کیوں ہے‘
کورونا وائرس کے اس دور میں شوبز کی بڑی بڑی ہستیاں اداکاری کے علاوہ اپنے دیگر فن کا مظاہرہ بھی کر رہی ہیں۔ کوئی کھانا بنا رہا ہے، کوئی صفائی کر رہا ہے، کوئی جم کر کے دکھا رہا ہے تو کوئی پینٹنگ کر رہا ہے۔
ایسی ہی ایک پینٹنگ اس وقت سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے۔ بھیک مانگتی ہوئی ایک بوڑھی عورت کی یہ تصویر اداکار ابھے دیول نے بنائی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر کو شیئیر کرتے ہوئے انھوں نے کورونا کی وبا کے دوران انڈیا میں فرقہ پرستی کے کھیل پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’قوم پرستی انسانیت سے زیادہ اہم کیوں ہے۔‘
ابھے دیول کی پینٹنگ اور اس کے عنوان نے انڈیا میں جاری سیاست کے اس کھیل کی بھر پور عکاسی کی ہے جسے لاک ڈاؤن بھی بند نہیں کر سکا۔
ابھے کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر غریب لوگ ہیں ’ایک ایسے ملک میں جہاں کورونا کی سنگین وبا کے دوران بھی ملک میں فرقہ پرستی پھیلائی جا رہی ہے، میڈیا اسے پوری قوت سے ہوا دے رہا ہے، ملک کو منقسم کرنے والی سیاست جاری ہے اور جہاں قوم پرستی انسانیت سے اہم ہے وہاں وہ کیسے خوش ہو سکتے ہیں۔‘
بالی ووڈ کے بڑے بڑے ستاروں نے بڑی بڑی رقوم مودی جی کے کورونا فنڈ میں دے کر جتنی تعریف بٹوری ہے اس سے کہیں زیادہ دل ابھے کی اس تصویر نے سوشل میڈیا پر جیت لیے ہیں۔
’معاف بھی کر دو اب کیا بچے کی جان لو گی‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ابھے دیول کی پینٹنگ اور سلمان خان کے گانے کے ساتھ ساتھ کارتک آرین بھی ٹک ٹاک پر مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ انھوں نے ٹک ٹاک کے ذریعے لوگوں میں کورونا کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن غلطی سے انھوں نے ایک اور ٹک ٹاک بنا ڈالا جو انھیں کافی مہنگا پڑا۔
کارتک نے اپنی بہن کے ساتھ ایک ٹک ٹاک بنایا جس میں ان کی بہن انھیں روٹی بنا کر دیتی ہے اور کارتک کو روٹی پسند نہیں آتی اور وہ بہن کو بالکنی سے پھینکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بھائی بہن کی یہ نٹ کھٹ سی ٹک ٹاک عورتوں کے حقوق کے لیے لڑنے والی خواتین کو سخت ناگوار گزری، کسی نے انھیں زن بیزار کہا تو کسی نے پدرانہ ذہنیت کا مالک۔
سنگر سونا مہا پاترہ نے سوشل میڈیا پر ہندی میں لکھے ایک طویل پیغام میں کارتک آرین کو جم کر لتاڑا اور کہا کہ یہ ٹک ٹاک گھریلو تشدد کی شکار خواتین کے منھ پر ایک طمانچہ ہے۔
سونا نے لکھا کہ ویڈیو میں خراب کھانا بنانے پر جس طرح کارتک نے اپنی بہن کو بالکنی سے پھینکا وہ ذرا بھی مزاحیہ نہیں بلکہ حقارت آمیز تھا۔ لیکن کچھ لوگوں کا یہ بھی خیال تھا کہ کوئی سٹیٹمنٹ نہیں بلکہ بھائی بہن کی ایک شرارت بھری ویڈیو تھی۔ معاف بھی کر دو اب کیا بچے کی جان لو گی۔
دل والے دلہنیا لے جائیں گے کا شاہ رخ خان کون؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلمساز ساجد ناڈیاڈ والا اپنی بے شمار ہٹ فلموں کے سبب مشہور ہیں۔ فلم کک، باغی، ہاؤس فل، ہیرو پنتی، جڑواں جیسی ہٹ فلمیں بنانے والے ساجد کی ذاتی زندگی کے بارے میں لوگ اتنا تو جانتے ہیں انھوں نے 1992 میں اپنے دور کی مشہور اداکارہ دیویا بھارتی سے شادی کی تھی جو شادی کے کچھ ماہ بعد ہی انیس برس کی عمر اپنے فلیٹ کی بالکنی سے گر کر ہلاک ہو گئی تھیں۔
ساجد نے سنہ 2000 میں وردھا خان نام کی خاتون صحافی سے دوسری شادی کی۔ وردھا نے حال ہی میں تفریحی ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے شہریار فریدون کے ساتھ سکائپ پر ایک انٹرویو میں بتایا کہ انھوں نے ساجد سے شادی کرنے کے لیے کتنے پاپڑ بیلے۔
وردھا کا کہنا تھا کہ انھوں نے آٹھ سال تک ساجد کا پیچھا کیا ان کے گھر والوں کو منایا تب کہیں جا کر ساجد نے شادی کے لیے ہاں کی۔ وردھا کا کہنا تھا کہ وہ ایک طرح سے فلم'دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے شاہ رخ خان کی طرح تھیں اور کسی بھی طرح سے ساجد کے گھر والوں کو منانے کی کوشش کرتی تھیں۔ اب ساجد نایاڈ والا اور وردھا کے دو بیٹے ہیں۔













