شوبز ڈائری: ’انڈیا ایک پدرانہ سماج ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
ملائکہ اروڑہ اور ارجن کپور کے رشتے کے بارے میں بہت عرصے سے کافی کچھ لکھا جا رہا ہے، کبھی دونوں کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگتی ہیں تو کبھی منگنی کی۔
تاہم جب بھی اس بارے میں ان سے سوال پوچھا گیا تو دونوں نے ہی کھل کر اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
لیکن اس بار ارجن کپور کی سالگرہ منانے جب یہ دونوں نیو یارک پہنچے تو غالباً ملائکہ نے اس رشتے کو سب کے سامنے قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور رواں ہفتے ملائکہ نے ارجن کپور کے ساتھ اپنی رومانوی تصویر انسٹا گرام پر شائع کرتے ہوئے لکھا ’میرے دیوانے، مزاحیہ اور ہر دلعزیز ارجن کپور آپ کو سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔‘
یہاں سوال یہ ہے کہ جب آپ دونوں نیو یارک میں ایک ساتھ چھٹیاں منا رہے ہیں تو آمنے سامنے کہنے کی بجائے سوشل میڈیا پر لکھنے کی کیا ضرورت پیش آئی؟
ایسا اسی صورت میں ہوتا ہے جب آپ پوری دنیا کو اپنے دل کی بات بتانا چاہتے ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ذکر ایک اور ملکہ کا
اداکارہ ملکہ شیراوت نے ایک طویل مدت کے بعد پھر سے بالی ووڈ کا رخ کیا ہے لیکن اس بار وہ ایک ویب سیریز کا حصہ ہوں گی۔
یہ بالا جی فلمز کے تحت بننے والی ہارر کامیڈی سیریز ’بو سب کی پھٹے گی' ہے۔
ملکہ آج کل اس سیریز کی پروموشن کر رہی ہیں۔ انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے ساتھ بات چیت میں جب ملکہ سے ان کے فلمی سفر کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں جہاں لڑکیوں کے لیے کوئی مواقع نہیں ہوتے اور انھوں نے اپنے بل بوتے اور روایات کے خلاف جا کر خود اپنی پہچان بنائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا ایک پدرانہ سماج ہے جہاں خواتین کے بارے میں مردوں کے نظریے اور سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔‘
انھیں شکایت ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ وہ محبِ وطن نہیں لیکن وہ اصل محبِ وطن ہیں جو ملک میں مثبت تبدیلیاں دیکھنا چاہتی ہیں۔
ملکہ شیراوت کہتی ہیں کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے وہ خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف بات کرنا اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عالیہ بھٹ کا یو ٹیوب چینل
عالیہ بھٹ ہمیشہ سے ہی سوشل میڈیا پر سرگرم رہتی ہیں چاہے ان کی تصاویر ہوں یا پھر انٹرنیٹ پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا سلسلہ۔
اب عالیہ بھٹ نے اپنا یو ٹیوب چینل شروع کیا ہے جہاں ان کے مداح ان کی ذاتی زندگی یا لمحات دیکھ سکیں گے۔
ان کا دن کیسے گزرتا ہے؟ شوٹنگ پر کیا کچھ ہو رہا ہے؟ دوستوں اور احباب کے ساتھ ان کی سرگرمیاں اب ان کے مداحوں تک پہنچیں گی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ کیا ان کے دوست رنبیر کپور بھی ان کے یو ٹیوب چینل پر نظر آئیں گے؟











