شوبز ڈائری: رنبیر اور دیپکا بریک اپ کے بعد پھر سے ساتھ؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
رنبیر کپور اور دیپکا پادوکون کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ سنہ 2015 کی فلم تماشا کی یہ ہٹ جوڑی ایک بار پھر ساتھ نظر آنے والی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہدایت کار لُوّ رنجن ایک ’لوّ سٹوری‘ بنا رہے ہیں جس کے لیے انھوں نے دیپکا اور رنبیر کا انتخاب کیا ہے۔
دپیکا اور رنبیر جو کسی زمانے میں ایک دوسرے کے بہت نزدیک ہوا کرتے تھے بریک اپ کے بعد اب اپنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ خوش ہیں۔
دیپکا اب شادی شدہ ہیں جبکہ رنبیر آج کل عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔ عالیہ اور رنبیر پہلی بار بڑے پردے پر ایک ساتھ فلم برہماستر میں نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن عالیہ اور رنبیر پہلے بھی ایک ساتھ کیمرے کے سامنے آ چکے ہیں۔ 15 برس قبل سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بالیکا ودھو‘ کے لیے دونوں نے فوٹو شوٹ کیا تھا جس میں عالیہ محض گیارہ برس کی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آج کل ان دونوں کا ایک پرانا ٹی وی انٹرویو سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہا ہے جس میں عالیہ نے بتایا تھا کہ وہ فوٹو شوٹ کے دوران رنبیر کے کندھے پر سر رکھتے ہوئے گھبرا رہی تھیں۔ بعد میں سنجے نے یہ فلم بنانے کا ارادہ بدل دیا تھا۔
رنبیر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی عالیہ کے مداح رہے ہیں اور خاص طور پر ان کی فلم ’ہائی وے‘ دیکھنے کے بعد انھوں نے عالیہ کو امیتابھ بچن کا خطاب دیا تھا۔
لیکن یہ پتا نہیں رنبیر نے عالیہ کو امیتابھ بچن ان کے لمبے کریئر کے لیے کہا تھا یا اداکاری کے لیے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جہاں تک ہیرو اور ہیروئن کی عمر میں فرق کا تعلق ہے تو اس ہفتے مہیش منجریکر کی بیٹی سائی منجریکر نے اپنے بچپن کی ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ کھڑی ہیں۔
سائی کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی سلمان کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے کسی خواب سے کم نہیں۔ 20 برس کی سائی منجریکر اپنے 53 سالہ ہیرو کے ساتھ دبنگ تھری میں نظر آئیں گی۔
کارتک آرین جب سے انڈسٹری میں آئے ہیں ان کا نام کسی نے کسی کے ساتھ جڑتا رہتا ہے۔ پہلے سارہ علی خان تو اب عننیہ پانڈے جو فلم ’پتی پتنی اور وہ‘ میں کارتک کے ساتھ ’وہ‘ کا کردار نبھا رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس ہفتے عننیہ نے انسٹا گرام پر کارتک کی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں ایئر پورٹ پر کارتک نے عننیہ کا ہینڈ بیگ اٹھا رکھا ہے۔ یہ دونوں آج کل اپنی فلم کے پروموشن میں مصروف ہیں۔
اب پتا نہیں کارتک واقعی ایک اچھے بوائے فرینڈ کا کردار نبھا رہے ہیں یا پھر یہ بھی فلم کی پروموشن کا ہی حصہ تھا۔











